شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑنے والے اینڈرسن اب امریکا میں کرکٹ کھیلیں گے

پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑنے والے نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اب امریکا میں کرکٹ کھیلیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اینڈرسن نے امریکا کی میجر کرکٹ لیگ (ایم ایل سی) سے تین سالہ معاہدہ کرلیا ہے۔

کورے اینڈرسن گزشتہ 2 سالوں سے کیویز کے بین الاقوامی ٹیم میں دکھائی نہیں دے رہے۔

انھوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 13 ٹیسٹ میچز، 49 ایک روزہ میچز جبکہ 31 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں انھوں نے مجموعی طور پر 2 ہزار 227 رنز بنائے۔

ان کے اس چھوٹے سے بین الاقوامی کیریئر میں 2 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں بھی شامل رہیں۔

اینڈرسن نیوزی لینڈ کی ٹیم کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک تھے اور انھیں جیکب اورم کا متبادل بھی سمجھا جاتا تھا۔

انھوں نے بولنگ کے شعبے میں مذکورہ میچز میں مجموعی طور پر 90 وکٹیں حاصل کیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے اینڈرسن کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ انھوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔

انھوں نے عندیہ دیا کہ وہ نیوزی لینڈ کے لیے دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں نظر نہیں آئیں گے۔

واضح رہے کہ 29 سالہ کورے اینڈرسن سال 2015 میں اپنے وطن میں ہی ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کا حصہ تھے جہاں ان کی ٹیم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

وہ آخری مرتبہ سال 2018 میں نیوزی لینڈ کی بین الاقوامی جرسی پہنے دکھائی دیے جبکہ اس کے بعد سے مختلف انجریز کا شکار رہے اور کم بیک نہیں کرسکے۔

اپنے انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ میرے لیے آسان نہیں تھا، میں نے اپنے آپ سے بہت سے سوالات کیے کہ مجھے کیا کرنا چاہیے یا میں آئندہ دو، پانچ یا دس سالوں میں کیا کرنا چاہتا ہوں؟

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جیسے جیسے آپ کی عمر گزرتی جاتی ہے آپ زندگی کو مزید بڑے نظریے سے دیکھتے ہیں۔

اینڈرسن کا کہنا تھا کہ ان کی منگیتر میری مارگریٹ جو امریکا میں ہی پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھیں، انھوں نے ٹیسٹ کرکٹر کی زندگی میں بڑا کردار ادا کیا کیونکہ انھوں نے سابق کیوی آل راؤنڈر کے لیے بہت قربانیوں بھی دیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان کے پاس جب یہ موقع آیا تو ہم نے سوچا کہ امریکا میں رہنا بہترین چیز ہے، نہ صرف میری کرکٹ بلکہ یہ ہم دونوں کے لیے بھی۔

واضح رہے کہ کورے اینڈرسن سال 2019 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ تھے اور انھوں نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی