کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ ڈھائی ہفتے سے نیوزی لینڈ میں ایک کمرے میں قید ہیں، وسیم اکرم

نیوزی لینڈ میں کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا شرمندگی کا باعث ، روانگی سے پہلے تمام حفاظتی اقدامات کرنے چاہیے تھے :سابق کپتان
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ قومی کرکٹرز نیوزی لینڈ میں مشکل میں ہیں ۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان میں منفی آنے کے باوجود نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بنا ہے، نیوزی لینڈ کورونا فری ملک ہے اور وہاں جانے سے قبل پی سی بی کو تمام حفاظتی اقدامات کرنے چاہیے تھے، پی سی بی کو قومی کھلاڑیوں کو زیادہ دیر کے لیے پاکستان میں آئسولیشن میں رکھنا چاہیئے تھا۔


وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ قومی کرکٹرز نیوزی لینڈ میں تنہائی کا شکار اور اذیت میں مبتلا ہیں، یہ ہمارے کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ ڈھائی ہفتے سے ایک کمرے میں مقید ہیں، ڈر ہے کہ اس طرح کے ذہنی دباؤ کا شکار ہونے سے کھلاڑیوں کی میدان میں کارکردگی پر فرق آسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ کراچی کی سمندری آلودگی کو اجاگر کرنا

کوئی ان کا ذاتی ایجنڈا نہیں، ہمارے ساحل اور شہر کی صفائی کرنا سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے، شہر قائد کا رہائشی ہونے کے ناطے کراچی کے مسائل سامنے لانا ان کی ذمہ داری ہے۔

لاہور میں خاتون کی جانب سے قومی ٹیم کے بابراعظم پر لگائے گئے الزامات پر وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم ہمارا کپتان اور بہترین بیٹسمین ہے، ان پر جو الزامات لگائے گئے اگر اس سے متعلق حقائق سامنے

آئے تو اس پر اپنے خیالات کا اظہار کیاجا سکتا ہے ۔