مشہور بھارتی ڈرامے ’تاراک مہتا کا الٹہ چشمہ‘ کے مصنف نے خودکشی کرلی

مشہور بھارتی ڈرامے ’تاراک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے مصنف نے حالات سے تنگ آکر خودکشی کرلی، ان کی لاش ممبئی میں واقع اُن کے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔

ابھیشک ماکوانا جو مشہور بھارتی ڈرامے کے منصف ہے ان کی لاش ممبئی کے علاقے کاندیوالی میں واقع ان کے گھر سے ملی ہے، پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کو ان کے گھر سے سوسائڈ نوٹ بھی ملا ہے، جس میں انہوں نے اپنے مالی حالات کا تذکرہ کیا اور اس انتہائی اقدام کی وجوہات درج کی ہیں۔

ایک پولیس اہلکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ مشہور ڈرامے کے مصنف نے سوسائڈ نوٹ گجراتی میں لکھا تھا
اہلکار نے انکشاف کیا کہ ابھیشک ماکوانا نے اپنے نوٹ میں اپنی ذاتی زندگی کی مشکلات کے ساتھ ساتھ مالی پریشانیوں کے بارے میں بھی بات کی۔

پولیس اہلکار کے مطابق بھارتی مصنف نے اپنے آخری خط میں لکھا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے ان حالات میں مبتلا ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خط میں ابھیشک ماکوانا نے اپنے گھر والوں سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ میں نے حالات سے لڑنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ اب مزید ایسا نہیں کرسکتے کیونکہ پریشانیاں صرف بڑھ رہی ہیں۔

بھارتی مصنف کے اقدام خودکشی کے بعد ان کے بھائی جینس ماکوانا نے سوشل میڈیا پرابھیشک ماکوانا کو انتہائی جذباتی انداز میں یاد کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں کیا لکھوں؟ لکھاری تو مجھے اکیلا چھوڑ کر بہت دور چلاگیا‘
جینس ماکوانا نے اپنے بھائی کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ تم نے مجھے دھوکا دیا، مجھے گڑھے میں دھکیل دیا، میں پوچھتا ہوں کہ تم نے یہ قدم کیوں اٹھایا؟ تم مجھے تنہا کیوں چھوڑ گئے؟ آخر کیوں؟

اپنے بھائی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’ اب مجھے کون گلے لگائے گا؟ کون ہے، جسے اب میں بھائی کہہ کر پکاروں گا؟‘

پولیس مشہور بھارتی ڈرامے کے مصنف کے اس انتہائی اقدام سے متعلق اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے