بھارت کلین سوئپ سے بچ گیا، سیریز آسٹریلیا کے نام

بھارت نے تیسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر خود کو کلین سوئپ ہونے سے بچالیا۔

بھارت کی میچ میں 13 رنز سے فتح کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز جو پہلے ہی آسٹریلیا جیت چکا تھا، وہ اب 1-2 پر اختتام کو پہنچی ہے۔

سیریز کے اس میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے پہلی بار ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اس میچ کی خاص بات ہردیک پانڈیا کی شاندار بیٹنگ تھی، جنہوں نے 76 گیندوں پر 92 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔
بھارتی کپتان نے 63 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران بھارت کے مایہ ناز بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

ویرات کوہلی نے آج کی بیٹنگ کے دوران تیز ترین 12ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا، وہ دنیائے کرکٹ کے 8 ویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔

میچ میں بھارت کی طرف سے تیسری نصف سنچری رویندر جڈیجا نے اسکور کی، جو 66 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

یوں بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں5 وکٹ پر 302 رنز بنائے اور آسٹریلیا کے لیے 303 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

گزشتہ دو میچوں میں 300 سے زائد کا اسکور بنانے والی آسٹریلیا کے لیے یہ ہدف آسان لگ رہا تھا مگر اس بار قسمت نے بھارتی بولنگ کا ساتھ دیا۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 3 اوورز میں 289 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان ایرون فنچ اور میکسویل نے اس میچ بھی نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنا نہ کراسکے۔

گزشتہ دو میچوں میں سنچریاں اسکور کرنے اسٹیو اسمتھ جو سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے وہ آج صرف 7 رنز ہی بناسکے۔

اس سے قبل سڈنی میں کھیلے گئے دو ابتدائی میچوں میں آسٹریلیا نے بھارتی ٹیم 66 اور 51 رنز کے مارجن سے شکست دی تھی