گورنرسندھ عمران اسماعیل سے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے چیئرمین محمد جاوید غنی کی ملاقات

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے چیئرمین محمد جاوید غنی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں کورونا وائرس کے پیش نظر معاشی اہداف ، ٹیکس کی وصولی اور معاشی سرگرمیوں کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں چیئر مین محمد جاوید غنی نے گورنرسندھ کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے موجودہ مالی برس کے پہلے پانچ ماہ جولائی سے نومبر 2020ءمیں 1688 ارب روپے ٹیکس کی وصولی کی جبکہ ہدف 1669 ارب روپے رکھا گیا تھا جبکہ گذشتہ برس اسی مدت کے دوران 1623 ارب روپے ریوینیو حاصل ہوا تھا اسی طرح ایف بی آر نے جولائی سے نومبر تک گروس ریوینیو 1773 ارب روپے وصول کئے جبکہ گذشتہ برس 1664ارب روپے وصول ہوئے تھے اس طرح رواں برس 109 ارب روپے اضافی وصول ہوئے ، مالی برس کے پہلے پانچ ماہ کے دوران معاشی سرگرمی کے لئے 80 ارب روپے واپس کئے جبکہ گذشتہ برس 41 ارب واپس ہوئے تھے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث معیشت سست روی کا شکار رہی اس کے باوجود ایف بی آر نے بہتر اقدامات یقینی بنائے ہیں اور فنانس ایکٹ 2020کے تحت مختلف شعبوں کو ٹیکس میں سہولت دی گئی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے ایف بی آر کے اقدامات قابل ستائش ہیں ، ہدف سے زائد ٹیکس وصولی کے لئے ادارہ نے زبردست اقدامات یقینی بنائے اسی وژن کے ساتھ ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ حکومت کی کامیابی ہے اس وقت کورونا وائرس کے باوجودپاکستان کی معاشی صورتحال تسلی بخش ہے ۔