کراچی سب کا ہے لیکن کراچی کا کوئی نہیں:الطاف شکور

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکوراور وائس چیئرمین عبدالحاکم قائدنے کہا ہے کہ کراچی سب کا ہے لیکن کراچی کا کوئی نہیں۔ کراچی پیکج کراچی میں کہیں بھی رو بہ عمل ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔ کراچی پیکج گیارہ سو ارب روپے مالیت کا اور رفتار کچھوے کی مصداق ہے۔ کراچی کی ترقی اور بہتری کے لئے اقدامات ندارد ہیں۔ کراچی کے لوگوں کے دکھوں کا مداوا صرف فاسٹ ٹریک متوازی پراجیکٹس سے ہی ممکن ہے۔ کراچی کو پیرس نہ بنائیں لیکن خدا کے واسطے پرانا کراچی اور اس کی رونقیں ہی بحال کردیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے مطالبہ کے مطابق کراچی کو فوری چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دیا جائے اورکراچی سے حاصل شدہ آمدنی کا پچاس فیصد کراچی پر خرچ کیا جائے۔ شہر کی بہتری کے لئے تیس سال ایم کیو ایم نے برباد کئے، بارہ سالوں سے پی پی پی یہاں سے فائدے حاصل کر رہی ہے اور اب کراچی کے لوگوں نے پی ٹی آئی پر جو بھروسہ کیا تو وہ بھی زبانی جمع خرچ کے علاوہ عملی طور پر کچھ بھی کرنے سے قاصر نظر آتی ہے۔ کراچی پی ٹی آئی کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے۔ کراچی کے حالات بہتر کرنے کے لئے پولیٹیکل ول کا بھی فقدان ہے۔ عمران خان اقتدار میں آنے کے بعد مشکل سے تین دفعہ کراچی آئے ہیں اور وہ بھی صرف چند گھنٹوں کے لئے۔ کراچی کے عوام ساد ہ لوح ضرور ہیں لیکن حکمران ان کو بے وقوف نہ سمجھیں۔ اگلی سیاسی قیادت پاسبان کی صورت میں کراچی سے ابھرے گی۔ پاسبان پبلک سیکریٹریٹ گلشن اقبال کراچی میں عوامی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور اور وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ شہر میں لوٹ مار کے واقعات کو قابو کیا جائے تاکہ شہر کی فضا ترقی کے لئے ساز گار ہو سکے۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ اور صحت کے میگا پراجیکٹس کی شدید ضرورت ہے۔ یہ پراجیکٹس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر چلنے چاہئیں۔ کراچی کے انڈسٹریل اسٹیٹ کو ترجیحی بنیادوں پر بجلی، گیس اور پانی کی سہولیات دی جائیں تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ چائنا کے ساتھ مل کر کراچی میں سی پیک کی سپلائی چین سے متعلق صنعتیں لگانے کا دس سالہ منصوبہ بنایا جائے۔ کراچی سارے پاکستانیوں کا شہر ہے جس نے ہمیشہ کھلے دل اور کھلے ہاتھوں کے ساتھ سب کو خوش آمدید کہا ہے اور اپنی وسیع الجہتی ثقافت میں جذب کر لیا ہے۔ حکمران کراچی کے مو مینٹم کو سمجھنے کی کوشش کریں اور اسے پاکستان کی خوشحالی کے لیے استعمال کریں #