آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن نے کورنگی میں کاروباری اور بچت بازار کی بندش کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس کورنگی پر احتجاج

آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن نے کورنگی میں کاروباری اور بچت بازار کی بندش کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس کورنگی پر احتجاج اور دھرنے کی کال دے دی ہے۔ آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے صدر شرجیل گوپلانی کی زیر صدارت لیاقت آباد مارکیٹ میں دوران اجلاس تاجروں کی کثیر تعداد نے متفقہ قراردار منظور کی جس میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، ایڈنسٹریٹر و کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بیروزگاری اور مہنگائی کے ستائے عوام اور چھوٹے تاجروں پر روزگار کے در بند کرنے کی بجائے انہیں ریلیف دیا جائے۔ آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی سیشن کے اجلاس میں نوید میمن گایا، پاپوش نگر مارکیٹ کے سعید احمد، محمد عدنان، میریئٹ روڈ مارکیٹ کے احمد شمسی، ابن سینا مارکیٹ سے حسیب اخلاق، بوہرا پیر مارکیٹ سے زبیر علی خان، کلاتھ مارکیٹ سے چوہدری ایوب، چپل بازار سے عفان صدیقی، طیب اور ٹمبر مارکیٹ سے سجاد سومرو اور صابر بنگش نے شرکت کی۔ آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے کہا کہ شہر میں بیروزگاری اور مہنگائی کے سبب عوام فاقوں اور خودکشی پر مجبور ہورہے ہیں جس کی روک تھام کی بجائے حکومت کاروبار پر تالے لگارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موثر منصوبہ بندی نہ ہونے سے شہر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ شرجیل گوپلانی نے کہا ہے کہ عوام روزگار اور اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی کے لئیے تگ و دو کررہے ہیں۔ آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ کورنگی میں ایس او پیز کے تحت بچت بازار کی فوری بحالی کے احکامات جاری کیئے جائیں بصورت دیگر اگلے 72 گھنٹوں میں کورنگی ڈپٹی کمشنر آفس پر احتجاج اور دھرنا دیا جائے گا۔ اجلاس میں حکومت سے شادی ہالز اور ریسٹورانٹس کے جائز مطالبات کے فوری حل کیلئے بھی وزیر اعلی سندھ، صوبائی وزراء اور ایڈ منسٹریٹر و کمشنر کراچی سے پرزور اپیل کی گئی ہے۔

جاری کردہ۔
شعبہ نشرو اشاعت،
آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن