گرو باباگرونانک دیوجی امن کے داعی تھے: ڈی سی سائوتھ

کراچی (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ ارشاد علی سوڈھر نے کہا ہے کہ سکھ مذہب کے پہلے گرو باباگرونانک دیوجی امن کے داعی تھے اور انہوں نے زندگی بھر محبت، بھائی چارے اور دوستی کی تعلیمات دیں، آج کادن سکھ مذہب کی بنیاد رکھنے والے بابا گرونانک کی یاد میں منایا جاتا ہے، جن کا پیغام تھا کہـ” اپنی زندگی کو خدمت کیلئے وقف کرتے ہوئے اپنے عقیدے کی پیروی کرو” ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرونانک دربار سوامی نارائن مندر میں باباگرونانک دیوجی کے551 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے موقع پر کیا اور دربار پر چادر بھی چڑھائی۔ اس موقع پر پاکستان سکھ کونسل کے سربراہ سردار رمیش سنگھ،گرونانک دربار سوامی نارائن مندر کے صدر سریش پیشوانی، جواہر لال اور سکھ وہندو برادری کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر پاکستان سکھ کونسل کے سربراہ سردار رمیش سنگھ اورگرونانک دربار سوامی نارائن مندر کے صدر سریش پیشوانی نے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ ارشاد علی سوڈھر کی گرونانک دربار آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں روایتی شال اور دربار کا پرساد پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ بھجن گائے گئے اور دربار پر چادریں چڑھائی گئیں۔