کیا فیروز خان اور اہلیہ میں علیحدگی ہوگئی؟

رواں سال شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے والے معروف اداکار فیروز خان اور اُن کی اہلیہ علیزے سلطان سے متعلق سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش ہیں کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں میں بتایا جارہا ہے کہ فیروز خان اور علیزے سلطان نے علیحدہ ہونے کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلتی اس خبر نے اداکار فیروز خان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے جبکہ اس خبر کے سامنے آتے ہی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ہیش ٹیگ فیروز خان کو استعمال کرتے ہوئے صارفین اس جوڑی کے لیے اپنے دُکھ کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

صارفین فیروز خان اور علیزے سلطان کی علیحدگی کو رواں سال کی افسوسناک خبر قرار دے رہے ہیں
صارفین فیروز خان اور علیزے سلطان کی تصویر کے ساتھ عروہ حسین فرحان سعید، عاصم اظہر، ہانیہ عامر اور سائرہ یوسف، شہروز سبزواری کی تصاویر بھی شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں
صارفین کا کہنا ہے کہ رواں سال ان تمام جوڑیوں نے اپنی راہیں جدا کرکے مداحوں کے دل توڑ دیے ہیں۔

دوسری جانب علیزے سلطان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شاید اُن کی علیحدگی کی خبر سچی ہو تاہم فیروز خان اور اہلیہ کی جانب سے ابھی تک علیحدگی کی افواہوں کی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے
واضح رہے کہ مارچ 2018 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے فیروز اور علیزے کی شادی کو 2 سال کا عرصہ گزر گیا۔

فیروز خان کے ہاں گزشتہ برس مئی میں ننھے مہمان کی آمد ہوئی جس کا نام سلطان فیروز خان ہے۔

فیروز خان پاکستانی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ میں اداکاری کر چکے ہیں جبکہ ڈرامہ انڈسٹری میں بھی فیروز خان’ خانی‘ اور’ رومیو ویڈز ہیر‘ جیسے معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے
خیال رہے کہ اس سے قبل عروہ حسین اور فرحان سعید کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں