HIV/AIDs کے خاتمہ کیلئے عالمی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر شرف شاہ


کراچی (نیوز رپورٹر) آج یکم دسمبر کو پوری دنیا میں ورلڈ ایڈز ڈے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر برج فائونڈیشن ہر سال تقریبات کا اہتمام کرتی ہے اس مرتبہ کورونا کی وجہ سے واک ملتوی کردی گئی ہے اور صرف SOPs کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے HIV/AIDs اور ٹی بی کے مریضوں اور ان کی فیملی کی آگاہی کیلئے آن لائن آگاہی پروگرام برج فائونڈیشن کے آفس میں رکھا گیا ہے جس سے برج فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر شرف علی شاہ، پروفیسر رفیق کھانانی، محمد عمر ابڑو، وحید خٹک، محمد ریحان خان اور زبیر احمد خطاب کریں گے۔ اس سال کا تھیم ’’ایڈز کے خاتمہ کیلئے عالمی یکجہتی و مشترکہ ذمہ داری‘‘ ہے۔ خاص طور پر COVID-19کی وجہ سے SOPs اور احتیاطی تدابیر بھی بتائی جائیں گی تاکہ تمام مریض اس موذی وباء سے محفوظ رہیں۔ برج فائونڈیشن پاکستان میں HIV/AIDs اور ٹی بی کی روک تھام کیلئے مسلسل کئی سالوں سے جدوجہد کررہا ہے۔ ڈاکٹر شرف علی شاہ پوری دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ خصوصاً سندھ میں کئی پراجیکٹس پر کام ہورہا ہے۔ ڈاکٹر شرف علی شاہ کا شمار پاکستان کے معروف اور مستند ماہرین میں ہوتا ہے۔ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور انکی ماہرانہ رائے اور مشورے سند حاصل کرچکے ہیں۔