سجل ایک اور عالمی ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب

پاکستانی اداکارہ سجل علی نے پاکستان میں بے شمار ایوارڈ لینے کے بعد اب عرب انٹرنیشنل فیسٹیول میں بھی ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

دبئی میں ڈِسٹِنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ کے چوتھے ایڈیشن کا انعقاد ہوا جس میں دنیا بھر کی نامور شخصیات سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والے ستاروں نے بھی شرکت کی۔

یہ ایوارڈ شو ہر سال دبئی میں منعقد کیا جاتا ہے جس میں بین الاقوامی اور عرب شخصیات کو ان کی سالانہ کامیابیوں اور معاشرے کی بہتری کے لیے تعاون کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے
اس موقع پر پاکستانی اداکارہ سجل علی کو فلم کی دنیا میں منفرد پہچان بنانے پر قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ایوارڈ ملنے پر اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ میرے لیے ناصرف بطور اداکارہ ایک اعزاز ہے بلکہ یہ ایوارڈ مجھے ایک قابلِ فخر پاکستانی بھی بناتا ہے
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی خوبرو اداکارہ سجل علی نے بین الاقوامی ایوارڈ شو ’گرین کارپٹ فیشن ایوارڈ 2020‘ میں شامل ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اداکارہ نے 10 اکتوبر کو ہونے والی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی، اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر مداحوں کو اطلاع دی تھی کہ وہ معروف ’گرین کارپیٹ فیشن ایوارڈ‘ کا حصہ بن کرمعیاری فیشن کو سپورٹ کرنے جارہی ہیں
گرین کارپٹ فیشن ایوارڈز اٹلی میں معیاری فیشن کے فروغ کیلئے منایا جارہا ہے، یہ ایوارڈز فیشن ہاؤسز کی پائیداری کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں کیونکہ فیشن ہاؤسز چھوٹے پیمانے پر پروڈیوسروں کے ورثے اور صداقت کو محفوظ رکھتے ہوئے تیزی سے تبدیلی لانے کے لئے کام کرتے ہیں
مذکورہ ایواڑز کی تقریب کو ’آسکر آف فیشن‘ کا نام بھی دیا جاتا ہے، ان ایوارڈ کو دنیا کے نمایاں ایوارڈ میں شامل کیا جاتا ہے۔