نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے ٹیم پاکستان کو آخری وارننگ دیدی

نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ اسکواڈ میں شامل 6 کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، ہیلتھ منسٹری نے آخری وارننگ جاری کر دی ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ کے کرائسٹ چرچ پہنچنے پر گزشتہ روز پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی اسکواڈ میں شامل 6 اراکین کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق چھ میں سے دو ارکان پہلے بھی وائرس کی ہسٹری رکھتے ہیں۔ رپورٹ مثبت آنے والے اراکین قرنطینہ میں مینجڈ آئسولیشن میں رہیں گے اور تمام تحقیقات مکمل ہونے تک ٹریننگ کی سہولت نہیں ہو گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے روز ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔ یہ خلاف ورزی ہوٹل میں قیام کے پہلے بارہ گھنٹوں میں ہوئی جس میں کھلاڑی بغیر ماسک ایک دوسرے سے ملے، جبکہ ہوٹل کے کمرے میں جو کھانا پہنچایا گیا وہ بھی انہوں نے بغیر ماسک پہنے ریسیو کیا۔

ٹیم کے چند اراکین کو سی سی ٹی وی کے ذریعے ہوٹل کی لابی میں بھی آئسولین کی خلاف ورزی کرتے ہو ئے بھی دیکھا گیا، جس پر ٹیم منجمنٹ سے بات چیت جاری ہے۔

نیوزی لینڈ منسٹری آف ہیلتھ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی اسکواڈ کو آخری وارننگ دی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق چھ اراکین کی قرنطینہ میں کم از کم 4 بار کوویڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی، پاکستان ٹیم مینجمنٹ سے کہا گیا ہے کہ تمام ممبرز کو کمرے تک محدود رکھا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے والے تمام کھلاڑی ہیں
ذرائع کے مطابق اگر پروٹوکولز کی مزید خلاف ورزی ہوئی تو دورہ خدشات کا شکار ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم آکلینڈ میں آئسولیشن میں ہیں۔ انہیں ائیرپورٹ پر گلے میں تکلیف کی شکایت تھی۔

واضح رہے کہ لاہور سے روانگی کے وقت پورے اسکواڈ کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی تھی