4 سالہ بچے نے ماں کے فون سے 12ہزار کا کھانا آرڈر کر دیا

4 سالہ ایک شرارتی برازیلی بچے نے اپنی ماں کے فون کا استعمال کرتے ہوئے تقریباً 12 ہزار روپے کا کھانا آن لائن آرڈر کر دیا۔

4 سال کی عمر کے بچے شرارتی اور نا سمجھ تو ہوتے ہی ہیں اور آج کل کی نئی نسل 6 ماہ سے ہی موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے بڑی ہو رہی ہے، اس عمر کے معصوم بچے ایسی شرارتیں کرتے ہیں کہ جس سے والدین کے چہرے پر ہنسی آ جاتی ہے مگر ہر شرارت ہنسنے والی نہیں ہوتی، کبھی کبھار بچوں کی یہی شرارتیں والدین کے لیے نقصان کا باعث بھی بن جاتی ہیں۔

ایک ایسی ہی شرارت کا ذکر برازیلی خاتون رائیسا انڈرانڈے نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر کیا ہے۔

برازیل سے تعلق رکھنے والی خاتون کی جانب سے اپنے بچے کی ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اُن کے چار سالہ شرارتی بیٹے نے اُن کا موبائل فون استعمال کرتے ہوئے ایک معروف اور مہنگی فوڈ چین سے 400 برازیلین رئیل ’برازیلی کرنسی‘ کا کھانا آرڈر کر دیا ہے
400 برازیلین رئیل پاکستانی پیسے کے مطابق 12 ہزار روپے بنتے ہیں۔

رائیساانڈرانڈے نے اپنی پوسٹ میں اس واقع کو ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے مزید بتایا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ اُن کے بیٹے نے آن لائن کھانا آرڈر کیا ہے، وہ اس قسم کی شرارتیں کرتا ہی رہتا ہے۔

انہوں نے کھانے کی تفصیل بتاتے ہوئے لکھا کہ اتنا سارا اور مہنگا کھانا دیکھنے کے بعد وہ ساتھ ہی ہنستے اور روتے ہوئے کھانا کھانے بیٹھ گئی تھیں۔

رائیسا انڈرانڈے کی اس پوسٹ پر اب تک لاکھوں لائیکس آ چکے ہیں، اُن کے فالوورز کی جانب سے کمنٹ باکس میں اس واقع پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں