کرکٹر خوشدل شاہ کے والد کا انتقال ہوگیا

اکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان کرکٹر خوشدل شاہ کے والد راست علی شاہ کا طویل علالت کے بعد بنوں میں انتقال ہوگیا۔

پاکستان کی تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری بنانے والے جارحانہ مزاج بیٹسمین خوشدل شاہ اس وقت ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے کرائسٹ چرچ میں موجود ہیں۔

خوشدل شاہ کے والد راست علی شاہ کافی عرصہ سے علیل تھے جبکہ وہ متعدد بار پشاور اسپتال میں زیر علاج بھی رہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے 25 سالہ کھلاڑی خوشدل شاہ کا تعلق بنوں سے ہے اور وہ گزشتہ سال 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
خوشدل شاہ نے اس سال 2020 پاکستان سپر لیگ کے سیزن فائیو میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی۔

نوجوان کرکٹر جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ لیفٹ آرم سپنر بھی ہیں اور ٹیم میں آل راؤنڈر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔

خوشدل شاہ انگلینڈ کے حالیہ دورے میں بھی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے تاہم انگوٹھا زخمی ہوجانے کی وجہ سے وہ دورے میں کوئی میچ نہ کھیل سکے