میرا ہیرو اب نہیں رہا، سوراو گنگولی

سابق بھارتی کپتان سوراوگنگولی نے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے ہیرو اب مزید نہیں رہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سوراو گنگولی نے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے ساتھ ماضی کی اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ہجوم کےدرمیان اپنی فتح کا جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔
سابق بھارتی کرکٹر سوراو گنگولی نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں لکھا کہ ’میرا ہیرو اب مزید اس دُنیا میں نہیں رہا ہے۔‘

سوراو گنگولی نے شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں صرف ڈیاگو میراڈونا کی وجہ سے ہی فٹ بال میچز دیکھتا تھا۔
دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹرسچن ٹنڈولکر نے بھی ٹوئٹر پر ڈیاگو میراڈونا کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے
سچن ٹنڈولکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’فٹبال اور کھیلوں کی دنیا آج اپنے ایک بہترین کھلاڑی سے محروم ہوگئی ہے۔‘

سابق بھارتی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’ ڈیاگو میراڈونا آپ کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا گزشتہ روز 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ارجنٹائن میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈیاگو میراڈونا کا انتقال حرکتِ قلب بند ہوجانے کے سبب ہوا جبکہ وہ اس دوران بیونس آئرس میں اپنے گھر میں ہی موجود تھے
خیال رہے کہ میراڈونا 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ کے دوران ارجنٹائن ٹیم کے کپتان تھے اور اپنی ٹیم کو دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنوایا۔

میرا ڈونا نے ارجنٹائن کے 4 عالمی کپ میں نمائندگی کی، قومی ٹیم کے لیے 91 میچز کھیلے اور 34 گول اسکور کی