سرائیکی عوامی تریمت تحریک پاکستان کے پہلے یوم تاسیس کی تقریب جیو لائف منور اسپتال کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر )سرائیکی عوامی تریمت تحریک پاکستان کے پہلے یوم تاسیس کی تقریب جیو لائف منور اسپتال کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، تریمت تحریک کی رہبر عابدہ بتول ودیگر خواتین عہدیداران نے تنظیم کی پہلی سالگرہ کا کیک کاٹا. تقریب میں سینئر صحافی نذیر لغاری، صدر سرائیکی عوامی سنگت مشتاق فریدی، کرن لاشاری، سعدیہ شکیل، ادی نیناں، افصہ ملک، رخسانہ حمید،ساجدہ پروین، یاسمین ملک، انیلہ عابد، ممتاز ملک، عاصمہ ملک، زبیدہ اچھا، رابعہ نوشین، عبدالخالق اچھا، قاسم خان لاشاری، ڈاکٹر طارق محمود،سلطان خان لاشاری ، زاہد خان، عابد خان،قادر بخش لاٹکی ودیگر موجود تھے. اس موقع پر خدیجہ اچھا، ثناء حمید اور رابعہ نوشین نے انقلابی نظمیں پیش کیں جبکہ کرن لاشاری، ساجدہ پروین، افصہ ملک، رخسانہ حمید اور انیلہ عابد نے خطاب کیا. اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرائیکی عوامی تریمت تحریک کی رہبر عابدہ بتول نے تریمت تحریک کی عہدیداران کو بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرائیکی قوم کے مسائل اجاگر کرنے میں تریمت تحریک نے بھرپور کردار ادا کیا، سرائیکی وسیب کے عوام آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی تعلیم، صحت، ملازمتوں سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، عابدہ بتول نے کہا کہ منظم سازش کے تحت روہی چولستان میں صدیوں سے آباد سرائیکیوں کو بے دخل کرکے غیر مقامی افراد کو زمینیں الاٹ کی جارہی ہیں، سات کروڑ سے زائد سرائیکی عوام اور سرائیکی علاقوں کے وسائل کو بیدردی سے لوٹا جا رہا ہے، سرائیکی تریمت تحریک سرائیکی عوام کے حقوق کے حصول اور صوبہ سرائیکستان کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی. سینئر صحافی نذیر لغاری نے کہا کہ سرائیکی عوامی تریمت تحریک نے مظلوم سرائیکی قوم کے حقوق کے حصول کی مثالی جدجہد سے نئی تاریخ رقم کی ہے، انہوں نے کہا کہ خواتین کی تحریک سے قوم میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے اور انشااللہ سرائیکی صوبہ بننے کی منزل اب دور نہیں. اس موقع پر صدر سرائیکی عوامی سنگت مشتاق فریدی نے کہا کہ تریمت تحریک کی جدوجہد نے سرائیکی تحریک میں ایک نیا جوش وجذبہ پیدا کردیا ہے، اب قوم کا بچہ بچہ سرائیکستان صوبے کا مطالبہ کررہا ہے. ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے حقوق کے حصول کیلئے میدان عمل میں آچکی ہیں، اب دنیا کی کوئی طاقت سرائیکی قوم کے حقوق غصب نہیں کر سکتی. دریں اثناء تقریب میں نظامت کے فرائض سعدیہ شکیل اور ادی نیناں نے انجام دیئے.