نیب فضائیہ ہاؤسنگ متاثرین کو 3ماہ میں واجبات کی ادائیگی یقینی بنائے

سندھ ہائی کورٹ نے فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کو رقم کی ادائیگی سے متعلق درخواستوں پر تین ماہ کے اندر تمام متاثرین کو واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیدیا ۔ عدالت نے میکسم مارکیٹنگ کے پرسنل اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ جن اکائوئنٹس سے رقوم کی ادائیگی ہونا ہے انہیں بحال کیا جائے۔ عدالت نے نیب کو 7 دن میں نیا اشتہار شائع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا اشتہار شائع کریں تاکہ تمام متاثرین کو واجبات مل سکیں۔ عدالت نے سماعت 25 فروری تک سماعت ملتوی کردی۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کو رقم کی واپسی کے معاملے پر درخواستوں پر سماعت ہوئی ۔ متاثرین کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ دو رکنی بینچ نے 19 مئی کو میکسم مارکیٹنگ کے مالکان کی درخواست ضمانت میں متاثرین کو چھ ماہ میں رقم واپسی کا حکم دیا تھا ملزمان اور نیب نے غلط بیانی کرکے عدالت سے رقم کی تقسیم کا آرڈر کرایا نیب اور میکسم مارکیٹنگ کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے الاٹیز کا حق متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے منجمد اکاؤئنٹس کھولنے سے متعلق درخواست میں عدالت نے الاٹیز کے کلیم جمع کرانے کا

حکم دیا تھا نیب کی جانب سے 22 جون کو نیب نے اخبار میں اشتہار دیا تھا الاٹیز کو جس میں کلیم جمع کرانے کی ہدایت کی تھی ابھی تک ایک بھی حقیقی الاٹی نے کلیم جمع نہیں کرایا ہے لہٰذا خدشہ ہے فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم کے اکاؤنٹس سے حقیقی الاٹیز کو پیسے نہیں مل سکیں گے ۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ابھی تک 4100 متاثرین نے رقم کیلئے درخواست دی ہے عدالتی حکم کے مطابق متاثرین کو رقم دی جارہے ہے ابھی تک 3693 متاثرین کے چیکس تیار ہوچکے ہیں ۔ عدالت نے تین ماہ کے اندر تمام متاثرین کو واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے میکسم مارکیٹنگ کے پرسنل اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیدیا ۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ جن اکاؤنٹس سے رقوم کی ادائیگی ہونا ہے انہیں بحال کیا جائے۔ عدالت نے نیب کو 7 دن میں نیا اشتہار شائع کرنے کا حکم دیدیا ۔ عدالت نے کہا ہے کہ نیا اشتہار شائع کریں تاکہ تمام متاثرین کو واجبات مل سکیں۔ سماعت 25 فروری تک ملتوی کردی گئی۔