نیوز ون کے بعد پبلک نیوز کی بدعہدی، کے یو جے نے احتجاج کی دھمکی دیدی

ملازمین کو فوری طور پر تنخواہیں اور واجبات ادا کیے جائیں، کے یو جے
میڈیا مالکان خود کو خدا سمجھ بیٹھے ہیں، کام چھوڑ ہڑتال کی کال دی جاسکتی ہے، کے یو جے
نیوز ون کے باہر 27 نومبر کو احتجاج کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس طلب

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے پبلک نیوز کے مالکان کی جانب سے ملازمین سے کی گئی بدعہدی پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام ملازمین کی تنخواہیں اور واجبات فوری طور پر ادا کریں بصورت دیگر کراچی یونین آف جرنلسٹس احتجاج پر مجبور ہوگی کے یو جے کے صدر نظام الدین اور فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام ارکان کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پبلک نیوز میں کئی ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں جس پرملازمین کی جانب سے گذشتہ دنوں ادارے میں احتجاج کیا گیا۔ احتجاج پر مالکان کی جانب سے گذشتہ ہفتے میں دو تنخواہیں ادا کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن اس پر پوری طرح سے عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ انتظامیہ نے صرف ایک تنخواہ دی اور وہ بھی تمام ملازمین کو نہیں دی گئی بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا مالکان خود کو خدا سمجھ بیٹھے ہیں نیوز ون کے بعد پبلک نیوز ٹی وی وہ دوسرا ادارہ ہے جہاں انتظامیہ کی طرف سے ملازمین سے تنخواہوں کی ادائیگی کا وعدہ کیا گیا لیکن اسے پورا نہیں کیا گیا کے یو جے کے سیکریٹری فہیم صدیقی نے پبلک نیوز کے چیف آپریٹنگ آفسر ناصر صدیقی اور ڈائریکٹر نیوز فواد خورشید سے فون پر رابطہ کیا اور انہیں کے یو جے کی جانب سے متنبہ کیا کہ وہ مالکان تک یہ پیغام پہنچادیں کہ وہ فوری طور پر ملازمین کی تنخواہیں اور واجبات ادا کریں بصورت دیگر کراچی یونین آف جرنلسٹس ادارے کے ملازمین کے ساتھ مل کر پبلک نیوز میں احتجاج کرنے پرمجبور ہوگی جس کے دوران کام چھوڑ ہڑتال کی کال بھی دی جاسکتی ہے دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اپنی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں نیوز ون کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی بدعہدی پر27 نومبر کو ایس ایم عرفان کی برسی کے موقع پر نیوز ون کے باہر احتجاج کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس