ڈوپلیسی نے بابر اور کوہلی کو ایک جیسا کھلاڑی قرار دیدیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے فاف ڈوپلیسی نے پاکستانی کپتان بابر اعظم اور ان کے بھارتی ہم منصب ویرات کوہلی کو ایک جیسا کھلاڑی قرار دیدیا۔

بھارتی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ میں کرکٹ پاکستان کے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جنوبی افریقی کپتان نے بابر اعظم اور ویرات کوہلی کو ’بہت ہی اعلیٰ معیار کے کھلاڑی‘ کہا۔

اپنے ایک انٹرویر میں فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ یہ دونوں بہت ہی اعلیٰ معیار کے کھلاڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک آدھ سال میں بابر اعظم نے اس کھیل کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے ایک اور قدم بڑھا دیا ہے۔
فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ ایک روشن مستقبل بابر اعظم کا انتظار کر رہا ہے۔

جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ بابر اعظم نے اپنی ٹی 20 کرکٹ سے لوگوں کو متاثر کیا، لوگ اسے ایک بچے کی طرح دیکھتے تھے جس میں شاید بڑے شاٹ کھیلنے کی پاور نہیں، لیکن اپنے حالیہ ٹی ٹوئنٹی گیمز تو ان کے بہت ہی شاندار رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں فاف ڈوپلیسی نے پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے 31 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم ان کی ٹیم ایلیمنیٹر-1 میں لاہور قلندرز سے شکست کھا کر پی ایس ایل سے باہر ہوگئی۔

خیال رہے کہ فاف ڈوپلیسی پاکستان سپر لیگ میں ہونے والے مقابلوں کو بھی اعلیٰ اور معیاری قرار دیا تھا