پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن بننے کیلئے پُرعزم ہیں، کپتان لاہور قلندرز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم پہلی مرتبہ چیمپئن بننے کے لیے پُرعزم ہے، ٹیم بھرپور فارم میں ہے۔

سہیل اختر کا کہنا تھا کہ بین ڈنک، فخر زمان، سمت پٹیل، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین کی پرفارمنس شاندار ہے۔

انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم آخری میچ تک پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگائے گی۔

کپتان لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ پلے آف راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے والی ساری ٹیمیں مضبوط ہیں، کوئی ٹیم بھی آسان نہیں ہوگی، جو اچھی کرکٹ کھیلے گا وہی ٹرافی کا حقدار ہوگا
خیال رہے کہ سہیل اختر لاہور قلندرز کے ساتویں کپتان ہیں، جنہوں نے ٹیم کو پلے آف میچز میں رسائی دلانے اہم کردار ادا کیا۔

رواں سیزن کے دوران لاہور قلندرز نے 10میچز میں سے 5 میں فتوحات حاصل کیں۔

ایک سوال کے جواب میں سہیل اختر نے بتایا کہ ٹیم کی بہترین پرفارمنس کا کریڈٹ ٹیم اور منجمنٹ کو جاتا ہے، جس طرح انہوں نے کھلاڑیوں پر اعتماد کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ پلان کے مطابق پرفارم کیا، کھلاڑی ون یونٹ بن کر مخالف ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے۔
34 سالہ آل راؤنڈر سہیل اختر نے بتایا کہ وہ بنگلہ دیشی بیٹسمین تمیم اقبال کی شمولیت سے بہت خوش ہیں، تمیم تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ ان کے جوائن کرنے سے ٹیم کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے فین فالوورز پورے پاکستان میں ہیں، جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا لیکن کورونا کی وجہ سے شائقین کے بغیر میچز کھیلے جائیں گے۔

شائقین کے بغیر میچز پر بات کرتے ہوئے سہیل اختر نے کہا کہ امید ہے کہ اس مشکل صورتحال میں وہ گھروں میں میچز دیکھ کر ٹیم کو سپورٹ کریں گے