وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے علامہ راجہ ناصر عباس کے بیان پر ردعمل – گلگت بلتستان کی عوام کی یادداشت اتنی کمزور نہیں کہ وہ کسی کے کہنے میں آکر پاکستان پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان کی عوام کے لیے کی گئ خدمات بھول جائیں


اگر گلگت بلتستان کو کوئی بھی آئینی حقوق ملے ہیں تو پیپلز پارٹی نے دیئے ہیں، سید ناصر شاہ
گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ کا درجہ بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر زرداری نے دیا، سید ناصر شاہ
کراچی (13\ نومبر)؛ وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے علامہ راجہ ناصر عباس کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام کی یادداشت اتنی کمزور نہیں کہ وہ کسی کے کہنے میں آکر پاکستان پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان کی عوام کے لیے کی گئ خدمات بھول جائیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر آج تک پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو اقتدار میں ہو یا نہ ہو مگر گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ کھڑی رہی۔ شہید ذالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان سے ایف سی آر کا خاتمہ کرکے مقامی لوگوں کو خودمختاری دی اور طوق غلامی سے نجات دلائی، شہید بھٹو ہی کا دیا ہوا تحفہ ہے جب گلگت بلتستان کے لیے پہلی دفعہ گندم پر سبسڈی دی گئی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے چیخ و پکار کی تو پی ٹی آئی نے وہاں مفت میں گندم بانٹی، مفت گندم تقسیم کرنا دھاندلی کے مترادف تھی، لیکن عوام کی خاطر ہم خاموش رہے۔ انھو ں نے علامہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کے منشور میں گلگت بلتستان کے حق حاکمیت، حق ملکیت کو اولین ترجیع دی گئی ہے جو کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب تھا اور آج اُس کے لیے شہید محترمہ کا جرت مند اور بہادر فرزند بلاول بھٹو زرداری گلگت اور بلتستان کی گلی گلی جاکر جدوجہد کررہا ہے تاکہ وہاں کے لوگوں کو اُن کا حق دلاسکے۔ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی جس نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے دور میں گلگت کو وزیراعلیٰ، گورنر اور وزراء کا تحفہ دیا جنھوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عظیم کام کیے ۔پیپلز پارٹی نے پورے ملک کے تعلیمی اداروں میں جی بی کے بچوں کیلئے سیٹیں رکھیں، پیپلز پارٹی نے جی بی کے نوجوانوں کو روزگار دیا۔ آج بھی گلگت بلتستان کی عوام وزیراعلیٰ مہدی شاہ کے دور میں دی گئی نوکریوں کو اپنے لیے نعمت عظیم قرار دیتی ہے ۔ کوئی مانے یا نہ مانے جی بی کی عوام اور تاریخ پیپلز پارٹی کی خدمات کو یاد ر کھیں گے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ جہاں تک بجلی کی بات ہے تو پی ٹی آئی کے تو کسی نے ہاتھ نہیں باندھے تھے، حکومت بجلی کے منصوبے تو دیتی۔ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی پرعزم ہے کہ گلگت بلتستان کو اُس کا آئینی حق جلد سے جلد دلاکر رہے گی ۔ ہم کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور ہمارے خلاف کوئی بھی پروپیگنڈہ ہمیں کام کرنے سے روکنے کے لیے کیاجاتا ہے یہ بات اب پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے ۔ انشااللہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں فتح تیر کی ہی ہوگی ۔ اپنے بیان کے آخر میں انھوں نے کہا کہ
عجیب ہے تیری سیاست عجیب ہےتیرا نظام
یزید سے بھی ہے مراسم حسین کو بھی سلام