ایئر پورٹ پر بدنظمی، جوہی چاولہ کے حکام پر طنز کے تیر

نامور بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ نے دبئی سے واپسی پر صحت کلیئرنگ کاؤنٹر پر گھنٹوں پھنسے رہنے پر ہوائی اڈے کی انتظامیہ پر طنز کے تیر چلادیے۔

جوہی چاولہ جو یو اے ای میں جاری بھارتی لیگ کے میچز میں شرکت کے بعد وطن واپس جارہی تھیں، انہیں ایئر پورٹ پر ہیلتھ کلیئرنس کے عمل کے دوران انتہائی بدنظمی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام کے ساتھ ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ کئی درجن لوگوں کے درمیان کھڑی ہیں، جو کئی گھنٹوں سے ملک میں داخلے کے لیے ہیلتھ کلیئرنس کے منتظر ہیں۔

بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے پیغام میں ایئرپورٹ اتھارٹی انڈیا (اے اے آئی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور عالمی وبائی مرض کورونا وائرس کے دنوں میں بدانتظامی پر کڑی تنقید کی۔

ویڈیو کے ساتھ کیے گئے ٹوئٹ میں جوہی چاولہ نے کہا کہ ایئرپورٹ پر تمام مسافر جہاز سے اترنے کے بعد گھنٹوں سے انتظار میں پھنسے ہوئے ہیں، ایک بعد ایک فلائٹ آرہی ہے، یہ حالت قابل افسوس بھی ہے اور شرمناک بھی۔

انہوں نے حکومتی حکام اور ہوائی اڈے کی انتظامیہ سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر ایئر پورٹ ہیلتھ کلیئرنس پر مزید عہدیدار، عملہ اور کاؤنٹرز کا بندوست کریں۔

اپنے پیغام میں بالی ووڈ اداکارہ نے اس ایئرپورٹ کا نام ظاہر نہیں کیا جس پر انہیں انتہائی بدنظمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم کلپ میں سنا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کے ساتھ ایئرپورٹ میں بدنظمی میں پھنسے مسافر اس صورتحال میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کااظہار کررہے ہیں۔

اداکارہ کی طنز اور التجا پر مبنی ٹوئٹ پر اے اے آئی نے فوری طور پر جواب دیتے ہوئے پہلے معذرت کی اور کہا کہ محترمہ ہم آپ کو پیش آنے والی تکلیف پر دل سے معذرت خواہ ہیں۔

اے اے آئی نے ساتھ ہی جوہی چاولہ سے استفسار کیا کہ آ پ سے گزارش ہے کہ براہ مہربانی ہمیں بتائیں کہ آپ کون سے ہوائی اڈے سے سفر کررہے ہیں تاکہ ہم اس مسئلے سے نجات کی کارروائی کو مزید تیز کریں۔