عائشہ خان نے بیٹی کی سالگرہ دوبارہ کیوں منائی؟

شادی کے بعد شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی پاکستان کی سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے سال میں دوسری بار بیٹی ماہ نور کی سالگرہ منائی۔

اس سے قبل اداکارہ کی والدہ نے اسلامی تاریخ کے لحاظ سے بیٹی کی سالگرہ منائی تھی تاہم اب عائشہ خان اور ان کے شوہر میجر عقبہ نے 10 نومبر کو بیٹی کی پیدائش کے دن کو بھرپور طریقے سے منایا
عائشہ خان نے انسٹاگرام پر عالمی وبا کورونا وائرس کے سالگرہ کی تقریب کو مناسب رکھتے ہوئے گھر میں ہی کیک کاٹا۔

سالگرہ کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے عائشہ خان نے بتایا کہ 10 نومبر 2020 ان کی زندگی کا یادگار دن ہے، اس دن ماہ نور کے آنے سے ان کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں بیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماہ نور ہماری زندگیوں میں روشنی اور خوشیاں بکھیرنے کیلئے تمہارا بے حد شکریہ
واضح رہے کہ 15 اپریل 2018 کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

اُن کے ہاں گزشتہ سال 12 ربیع الاول کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے ’ماہ نور‘ رکھا۔

عائشہ خان نے 19برس قبل یعنی 2000 میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مہندی، وصل، خدا زمین سے گیا نہیں ہے، پارسا، خدا میرا بھی ہے، من مائل، وہ ایک پل اور دیگر شامل ہیں۔
اداکارہ نے 18 سال کے کامیاب میڈیا کیریئر کے بعد میڈیا انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

دوسری جانب اُن کے شوہر میجر عقبہ ملک نے برٹش رائل ملٹری اکیڈمی سے شہزادہ ولیم کے ساتھ گریجویشن کیا اور وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے نوجوان کیڈٹس کو ملٹری کی تربیت فراہم کی۔

میجر عقبہ پہلے پاکستانی ملٹری آفیسرہیں جنہوں نے آر ایم اے ایس میں پلاٹون کمانڈر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے اور اعزازی تلوار بھی جیتی