گوشت کی دکانوں پر بلا جواز چھاپے مارے جارہے ہیں، میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن

 مل جل کر وقت کے درپیش چیلنچز سے نمٹیں گے،سرپرست  اعلی پیر ارشد جبار قریشی کے اعزاز میں استقبالیہ کراچی: میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی،خلیفہ مجاز پاکستان سجادہ نشین درگاہ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری پیر ارشدجبار چشتی قریشی نے کہا ہے کہ اہلِ قریش کی یکجہتی  اور اتحاد کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ مل جل کر وقت کے درپیش چیلنچز سے نمٹا جاسکے، یہ بات انہو ں نے اپنے اعزاز میں ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبدالمجید قریشی و دیگر عہدیداروں کی جانب سے صدرکے مقامی ہوٹل میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان کے علاوہ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سکندر اقبال قریشی، ایڈیشنل سیکریٹری شاہد حسین قریشی اور اسماعیل احمد قریشی   ودیگرنے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب میں پیر ارشد جبار قریشی نے کہا کہ برادری کے سماجی، معاشی اور دیگر مسائل کو ہرممکن طریقے سے حل کیا جائے گا، اور اس کے لیے کوئی بھی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبدالمجید قریشی نے کہا کہ کراچی انتظامیہ کی جانب سے ہمارے اراکین کی دکانوں پر بلا جواز چھاپے مارے جارہے ہیں، قانون کے رکھوالوں کی جانب سے اس غیر قانونی عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں، جب طے شدہ طریقہ کار کے مطابق گذشتہ کئی برس سے نرخوں کا تعین ہی نہیں کیا گیا تو آٹھ برس پرانے نرخوں پر ہم گوشت کیسے فروخت کر سکتے ہیں، جبکہ اس عرصے میں دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، آٹا سو روپے کی جانب گامزن ہے اور چینی سو کا ہندسہ پار کر چکی ہے۔ایڈیشنل سیکریٹری شاہد حسین قریشی نے کہاکہ گذشتہ دنوں کمشنر کراچی  سے ملاقات  میں بلا جواز چھاپوں کی جانب توجہ دلائی گئی تھی انہوں نے یقین دلایا تھا کہ نئی قیمتوں کے تعین تک بلا جواز چھاپے نہیں مارے جائیں گے اور قیمتوں کے تعین کے لیے کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا مگر اب تک نہ تو اس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا نہ چھاپے بند کیے گئے  انہوں نے کہاکہ چھاپے بند کیے جائیں بہ صورت دیگر  مزاحمت  کا لائحہ عمل طے  کیا جائے گا تقریب میں تی وی ہور نعت خواں سید اعجاز شاہ   نے بارگاہ رسالت  میں گلہائے عقیدت پیش کیے جبکہ  شہر بھر سے ایسوسی ایشن کے  نمائندوں  نے شرکت  کی جن میں برنس روڈ سے  ظہیرالدین  ،غیاث الدین گلاب محل والے ،محمد علی سوسائٹی  سے  آصف قریشی ،طارق روڈ سے ارشد قریشی،بہادر آباد سے محمد آصف،پیر کالونی سےمعین الدین جمشید روڈ سے حاجی عبدالمجید عبدالسلام،رامسوامی سےصادق بلا والے ودیگر نے شرکت کی ۔