پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی زمبابوے کو شکست دیدی، کلین سوئپ مکمل

پاکستان کرکٹ ٹیم نے تیسری اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی زمبابوے کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر مہمان ٹیم کے خلاف 0-3 سے سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے زمبابوے ٹیم کی طرف سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کرلیا۔

زمبابوے کے کپتان چیمو چبھابھا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جسے پاکستانی اسپنر عثمان قادر نے غلط ثابت کردیا۔

لیگ اسپینر نے صرف 13 رنز کے عوض ہی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

چیمو چبھابھا اور ڈونلڈ ٹری پانو کے بالترتیب 31 اور 28 رنز کی بدولت مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بناسکی۔

عثمان قادر کے علاوہ عماد وسیم نے 2 جبکہ حارث رؤف اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے صرف 2 ہی کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور 16ویں اوور میں حریف ٹیم کا دیا ہوا ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ڈیبیو کرنے والے عبداللّٰہ شفیق نے ناقابل شکست 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ خوش دل شاہ بھی 36 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں بہترین پرفارمنس دینے پر عثمان قادر کو بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا جبکہ انھیں ہی سیریز میں عمدہ بولنگ پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔