مہنگائی اپوزیشن کا پروپیگنڈا

معیشت خراب کرنے کے ذمہ دار اپنی سیاست بچانے کیلئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن مہنگائی سے متعلق حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہے‘معیشت خراب کرنے کے ذمہ دار اپنی سیاست بچانے کیلئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں‘سوات اور حافظ آباد کے حالیہ جلسوں سے ثابت ہو چکا کہ ہم عوام میں پہلے سے زیادہ مقبول ہیں اورتحریک انصاف گلگت بلتستان الیکشن میں کلین سوئپ کرے گی۔

عمران خان کی زیرصدارت سیاسی اور معاشی کمیٹیوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غورجبکہ ملکی معاشی صورتحال اور حکومت کی میڈیا حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے اقتصادی ٹیم کو معاشی کامیابیوں کو میڈیا پر اجاگر کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، دو سال کی محنت سے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا ہے‘ معاشی پالیسیوں کے ثمرات جلد عوام کو منتقل ہونا شروع ہو جائیں گے‘ معاشی ٹیم عوام کو بتائے کہ کس طرح سے گزشتہ حکومتوں نے معیشت کو نقصان پہنچایا۔انہی لوگوں کی غلط پالیسیوں کا نقصان آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

دریں اثناء عمران خان سے وفاقی وزیرنیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔سید فخر امام نے وزیر اعظم کو اشیاء خوردو نوش کی دستیابی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران زراعت کے شعبے میں جدید بیج ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور پیداوار بڑھانے کیلئے اسکی اہمیت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر اعظم نے تمام غذائی اشیاءکی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے عام آدمی تک ریلیف پہنچانے پر زور دیا۔

Courtesy Jang