سعودی عرب: کرونا روک تھام کے لیے نئی پابندیاں عائد

سعودی وزاتِ تجارت نے سیل سیزن میں تجارتی اداروں پر متعدد پابندیاں عائد کر دیں، کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہا وزارت نے مملکت بھر میں تجارتی اداروں پر کئی پابندیاں عائد کی ہیں، تجارتی ادارے سیل سیزن میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاطتی تدابیر کی پابندی کریں۔

کاروباری اداروں سے سیل سیزن میں توسیع کے لیے بھی کہا گیا ہے، انھوں نے تجارتی اداروں کو ہدایت کی کہ بھیڑ بھاڑ سے بچاؤ کے لیے کاروبار کے اوقات کار میں اضافہ کیا جائے۔

کاروباری افراد کو سختی سے تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ معاشرے کے افراد کے ساتھ جو لاپرواہی برتے گا، اس کے ساتھ وزارت تجارت کوئی رعایت نہیں کرے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ریستورانوں اور پبلک مقامات پر خاص توجہ دی جا رہی ہے، اور وزارت کی نگران ٹیمیں کاروباری اداروں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

وزارت کی جانب سے حفاظتی اقدامات کی پابندی نہ کیے جانے پر جرمانے کی تنبیہ بھی کی گئی ہے، اس سلسلے میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پابندی نہ کرنے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا، دوبارہ خلاف ورزی پر کاروبار بھی سیل کر دیا جائے گا۔

Courtesy Ary news