منگیتر سے علیحدگی کے بعد برازیلین ڈاکٹر نے خود سے ہی شادی کرلی

اپنی منگیتر سے علیحدگی ہونے اور رشتہ ٹوٹنے کے بعد لڑکے نے اپنے آپ سے شادی کرلی جس کی اس نے باقاعدہ تقریب بھی منعقد کی۔

جی ہاں! آپ نے بالکل درست پڑھا اور یہ واقعہ برازیل میں پیش آیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ڈیوگو ربیلو نامی شخص نے ویٹر بویئنو نامی ایک خاتون سے گزشتہ برس نومبر میں منگنی کی تھی۔

دونوں نے اکتوبر 2020 میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم خاتون نے جولائی میں ہی اس رشتہ سے علیحدہ ہونے اور منگنی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ دونوں کے درمیان کچھ معاملات پر تو تو میں میں ہوئی جو ان کی علیحدگی کی وجہ بنی
اگر ایسے حالات کسی کے ساتھ پیدا ہوجاتے ہیں تو تقریبات یقینی طور پر منسوخ کردی جاتی ہیں، لیکن ڈاکٹر ڈیوگو ربیلو نے اپنی شادی اسی تاریخ کو کرنے کا فیصلہ کیا جس کا انھوں نے منصوبہ بنایا تھا۔

مقررہ تاریخ تک جب انھیں کوئی لڑکی نہ ملی تو انھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ خود سے ہی شادی کریں گے
اس کے لیے ڈاکٹر صاحب نے برازیل کے شہر ایتاکرے میں ایک لگژری ریزورٹ میں اپنی شادی کی تقریب منقعد کی۔

اس تقریب میں انھوں نے تقریباً 40 افراد کو مدعو کیا تھا اور اپنی روایات کے مطابق شادی بھی کی، جسے انھوں نے اپنی زندگی کا یادگار دن قرار دیا۔

ڈیوگو ربیلو نے شادی کے دوران لی گئی اپنی تصاویر کو فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر بھی کیا
اپنے پیغام میں ڈاکٹر ڈیوگو نے لکھا کہ یہ میری زندگی میں سب سے خوشی کا دن ہے، کیونکہ آج میں ان لوگوں کے ساتھ ہوں جنھیں میں سب سے زیادہ محبت کرتا ہوں۔

اپنی شادی کو ’کامیڈی‘ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر ڈیوگو نے لکھا کہ آج کے دن میں خوشیاں منارہا ہوں جو کہ ایک ’سانحہ‘ ہوسکتا تھا لیکن میں نے اسے کامیڈی میں تبدیل کردیا۔