پاکستانی کرکٹرز کو IPL کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں، وسیم اکرم

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی، سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) سے متعلق خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ چاہتا ہوں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کھلاڑی آئی پی ایل کا حصہ بنیں۔

وسیم اکرم نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران بھارت میں جاری آئی پی ایل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اُن کا ماننا ہے کہ کھیل کو سیات کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے مگر یہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کا مسئلہ ہے جس پر وہ کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔‘

وسیم اکرم نے کہا کہ ’وہ اس بات پر افسردہ ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلنے کا موقع گنوا رہے ہیں، وہ پاکستانی نئے ٹیلنٹ کو آئی پی ایل کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل اور بھارتی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کھیلیں۔
وسیم اکرم نے اپنے انٹرویو کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اُن کی خواہش ہے کہ بابر اعظم اپنے ہم منصب بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی طرح کھیل میں مزید مستقل مراجی کا مظاہرہ کریں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے درمیان کوئی موازنہ نہیں کرنا چاہتے ہیں مگر وہ کہنا چاہیں گے کہ بابر اعظم ایک غیر معمولی صلاحیتیں رکھنے والا کھلاڑی ہے، بابر نے سب ہی کرکٹ فارمیٹ پر خود کو منوایا ہے۔‘

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ ’اُنہیں خوشی ہوگی اگر بابر اعظم مثبت طریقے سے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ اپنا موازنہ جاری رکھے اور کوہلی کی طرح مزید مستقل مزاجی کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلے