”تحریک وتعمیر پاکستان کا حقیقی ترجمان نوائے وقت بد قسمتی سے ”رمیزہ“کے ہاتھ چلاگیا

نوائے وقت کی رسوائی اورحمید نظامی ومجید نظامی کی عزت وناموس کامحافظ عارف نظامی تو ہوسکتاہے مگر ایک کولے پالک کیوں کرخیال آئے؟،اے ایچ خانزادہ
”تحریک وتعمیر پاکستان کا حقیقی ترجمان نوائے وقت بد قسمتی سے ”رمیزہ“کے ہاتھ چلاگیا“)
متاثرین نوائے وقت تنہانہیں پوری صحافی برادری ساتھ کھڑی ہے،احمد خان ملک،آپس میں متحد رہیں آپ کو منتشر کرنے کی کوشش کی جائے گی،نعمت اللہ بخاری


نوائے وقت نظریہ پاکستان کامحافظ تھا،جان بوجھ کر تباہ کیاگیا،بچل لغاری،ہماری جدوجہد آخری کارکن کو انصاف ملنے تک جاری رہے گی،الطاف مجاہد
جو انتظامیہ منہ نہیں لگاتی تھی آج بات چیت کی آفر کررہی ہے،محب اللہ شاہ،سیٹلمنٹ کے نام پر ملازمین سے رابطے انہیں ٹریپ کرنے کی کوشش ہے،شاکرحسین

اپنے حق کے لئے ہائی کورٹ و سپریم کورٹ بھی جاناپڑاتو جائیں گے،اشتیا ق احمد،کٹھن وقت ہے مالکان ہماری مجبوریاں خریدناچاہیں گے،شاہ زیب خانزادہ
صبر کے ساتھ متحد ہوکر جدوجہد جاری رکھیں تو کامیابی ہوگی،شہزاد چغتائی،بھر پورقانونی جنگ کے ساتھ ہرفورم پرآواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،مختار شاہ
واجبات بغیر کٹوتی کے دیئے جائیں،صوفیہ یزدانی، جلد ہی سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی،اے کے محسن،حاجی مجاہد،اعجاز رانا،اشرف انصاری ودیگرکاخطاب


کراچی (رپورٹ:محمد شاکرحسین)کراچی پریس کلب میں متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کا جنرل کونسل اجلاس ہوا جس میں متاثرین نوائے وقت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر اتفاق رائے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاگیا۔ جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب اورکے یوجے کے سابق سیکریٹری اور سرکردہ صحافی رہنما اے ایچ خانزادہ نے کہاکہ آپ سب لوگوں کا تعلق ایک معتبر ادارے سے رہاہے یہ وہی نوائے وقت ہے جوتحریک اورتعمیر پاکستان کا ترجمان تھابد قسمتی سے یہ ادارہ ایک لے پالک کے ہاتھ چلاگیا۔نوائے وقت کی رسوائی اورحمید نظامی ومجید نظامی کی عزت وناموس کامحافظ عارف نظامی تو ہو سکتاہے مگر ایک لے پالک رمیزہ کو کیوں کر اس کاخیا ل آئے۔انہوں نے کارکنوں پر زوردیاکہ مکمل یکجہتی کے ساتھ جدوجہد کریں آپ تنہانہیں پوری صحافی

برادری آپ کے ساتھ کھڑی ہے متاثرین نوائے وقت کوجہاں کہیں ضرورت پڑی نہ صر ف ہم بلکہ پوری صحافی برادری آپ کے شانہ بشانہ نظر آئے گی۔اس موقع پر کے یوجے کے سیکریٹری احمدخان ملک نے کہاکہ نوائے وقت کی ترقی میں جن لوگوں کا خون پسینہ شامل ہے آج وہ پنے واجبات کے لئے قانونی جنگ لڑنے اورسڑکوں پرآنے پر مجبورہوگئے ہیں۔انہوں نے ملازمین پرزوردیاکہ آپس میں اتحاد واتفاق قائم رکھیں۔کے یوجے کے صدرنعمت اللہ بخاری نے کہاکہ آپ کی جدوجہد کامیابی کی جانب گامزن ہے ایسے موقع پر آپ کو منتشر کرنے کے لئے نت نئے حربے استعمال کئے جائیں گے۔سینئر صحافی رہنمابچل لغاری نے کہاکہ نوائے وقت نظریہ پاکستان کامحافظ تھا جان بوجھ کر تباہ کیاگیا۔انہوں متاثرین پر زوردیاکہ آپس میں متحد رہیں کامیابی آپ ہی کی ہوگی کیونکہ آپ بھیک نہیں اپناحق مانگ رہے ہیں۔متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے رہنمااورسینئر صحافی الطاف مجاہد نے کہاکہ ہماری جدوجہد آخری کارکن کو انصاف ملنے تک جاری رہے گی اوریہ اسی وقت ممکن ہے جب ایک دوسرے کے ساتھ ملکر شانہ بشانہ جدوجہد کو آگے بڑھاتے رہے۔ متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے رہنمااورسینئر صحافی سید محب اللہ شاہ نے کہاکہ جو انتظامیہ ہمیں منہ نہیں لگاتی تھی آج بات چیت کی آفر کررہی ہے انشاء اللہ بہت جلد وہ دن بھی آئے گاجب ہمیں

ہماراحق مل جائے گا۔ متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے رہنمااور سینئر صحافی محمد شاکرحسین نے کہاکہ نوائے وقت کی انتظامیہ کی جانب سے سیٹلمنٹ کے نام پر ملازمین سے انفرادی رابطے ان کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی سازش ہے جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے کیسز آئی ٹی این ای میں ہیں اب بات چیت انفرادی نہیں اجتماعی ہوگی وہ بھی کورٹ کے ذریعہ ہوگی۔ متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے رہنمااشتیاق احمد نے کہاکہ اگر مناسب طریقے سے واجبات مل جاتے تو ہمیں یہ جدوجہد نہ کرناپڑتی انہوں نے بتایاکہ سیٹلمنت کے نام پر ملازمین کو ٹریپ کیاجارہاہے ہمیں اپنے حق کے لئے ہائی کورٹ و سپریم کورٹ بھی جاناپڑاتو جائیں گے۔ متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے نوجوان رہنماسید شاہ زیب خانزادہ نے کہاکہ یہ ہمار ے لئے کٹھن وقت ہے مالکان ہماری مجبوریاں خریدناچاہیں گے لیکن ہم کسی طورپربھی منتشر نہیں ہونگے اپناحق لے کررہیں گے۔ سینئر صحافی اورنوائے وقت کے سابق چیف رپورٹر شہزاد چغتائی نے کہاکہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کٹھن ضرورہوتی ہے اگر ہم صبر کے ساتھ پوری لگن سے کام کرتے رہے توکامیابی ہمارامقدر ہوگی۔سینئر صحافی مختار شاہ نے کہاکہ اب ہمیں جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے بھرپورقانونی جنگ اورہرفورم پرآواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔سینئر خاتون صحافی صوفیہ یزدانی نے کہاکہ مجھے 23مارچ کو پرائڈآف پرفارمنس ایوارڈملااس سے ایک روز قبل مجھے جبری طورریٹائرڈ کرکے پارٹ ٹائمر کا لیٹر دے دیاگیا۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ ہمارے واجبات بغیر کسی کٹوتی کے دیئے جائیں۔پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے رہنمااورسینئر صحافی اے کے محسن نے کہاکہ نوائے وقت کے کارکنوں کو ان کاحق دیناہوگااس کے لئے جلد ہی سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی انہوں متاثرین نوائے وقت کو اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایا اوراسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔سینئر رہنمااشرف انصاری نے بتایاکہ میں آئی ٹی این ای سے دوبار فیصلے لے چکاہوں تیسری بارلیناہے تمام ساتھی متحد رہیں ہم ضرورکامیاب ہونگے۔ سینئر رہنمااعجاز رانانے کہاکہ تمام دوست متحد رہیں اتحاد میں برکت ہے اوریقین رکھئے اللہ کی ذات آپ کے ساتھ ہے۔اس موقع پر نوائے وقت کے سابق نیوز ایڈیٹر اورسینئر صحافی حاجی احمد مجاہد آٹھویں ویج کو اس کے حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کااعلان کیا۔اجلاس کے اختتام پر سید محب اللہ شاہ نے جدوجہد کی کامیابی کے لئے دعاکرائی۔

متاثرین نوائے وقت کاجنرل کونسل اجلاس، انتظامیہ کی جانب سے ملازمین سے انفرادی رابطے سازش قرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب میں متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے جنرل کونسل اجلاس میں نوائے وقت انتظامیہ کی جانب سے آؤٹ آف کورٹ ملازمین سے انفرادی رابطے کوششوں کو سازش قرار دیتے ہوئے کثرت رائے سے مسترد کردیاگیا۔اوراس تجویز کی اتفاق رائے منظوری دی گئی جس میں قرار دیاگیاکہ اب بات چیت انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی ہوگی،وہ بھی آئی ٹی این ای کے ذ ریعہ ہوگی۔جنرل کونسل میں کثرت رائے سے یہ بھی فیصلہ کیاگیاکہ نوائے وقت کے وکیل کی جانب سے بات چیت کی پیشکش کا جواب ملازمین کے وکیل سید اشتیاق بخاری ایڈوکیٹ کے توسط سے آئی ٹی این ای اسلام آباد میں جمع کرایاجائے گا۔

متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کا اجلاس،بھوک ہڑتالی کیمپ اوررمیزہ نظامی کاپتلاجلانے کااعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب میں متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے جنرل کونسل اجلاس میں واجبات کی وصولی کی جدوجہد تیز کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کیاگیا۔جس کے تحت جلد ہی نوائے وقت دفتر کے باہربھوک ہڑتالی کیمپ لگایاجائے گا،جبکہ پریس کلب میں مجید نظامی کے درجات کی بلندی اورملازمین کے واجبات کی وصولی کے آیت کریمہ کاورد کیاجائے گااسی طرح نیب سندھ میں یادداشت پیش کی جائے گی اوردھرنادیاجائے گا۔ چیف جسٹس صاحب کی کراچی آمد پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہرمظاہر ہ کیاجائے گا،جبکہ اے پی این ایس کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دینے کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے باہر دھرنااوراراکین اسمبلی میں یادداشت پیش کی جائے گی۔کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہر ہ کیاجائے گااس موقع پر رمیزہ نظامی کاپتلابھی نذر آتش کیاجائے گا۔