گلگت بلتستان کے جشنِ یوم آزادی کے موقعے پر وہاں کی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد

غذر/اسلام آباد/کراچی (31 اکتوبر 2020) پاکتسان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے جشنِ یوم آزادی کے موقعے پر وہاں کی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے، جو یکم نومبر 1947 کو ڈوگرا راج کی زنجیریں توڑ کر آزادی حاصل کرنے اور پاکستان سے الحاق کی یاد میں ہر سال منایا جاتا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا گلگت بلتستان کے غیور اور بہادر عوام نے اپنے زور بازو پر ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔


گلگت بلتستان کی عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کا رشتہ یک جان اور دو نام کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کے دیگر حصون کی طرح گلگت بلتستان میں بھی زرعی اصلاحات متعارف کروائیں اور ایف سی آر جیسے کالے قوانین کا خاتمہ کیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و بھبود کے لیئے بیشمار اقدامات اٹھائے، جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورِ صدارت میں اس علاقے کو شناخت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی تھی جس نے گلگت بلتستان کو پہلی آئین ساز اسمبلی، پہلا گورنر اور پہلا وزیراعلیٰ دیئے، تاکہ گلگت بلتستان کے فیصلے اس کی سرزمین پر ہوں اور یہاں کے مقامی لوگ کر سکیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان حکومت نے اپنے دورِ حکومت میں یہاں کے نوجوانوں کو 25 ہزار سے زائد نوکریاں دیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی وجہ سے پورے ملک سمیت گلگت بلتستان کو بھی بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس کا ازالہ فقط پاکستان پیپلز پارٹی کے پروگرام و مشن میں پنہاں ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے گلگت بلتستان کی جنگِ آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں قومی ہیرو قرار دیا اور مزید کہا کہ گلگت بلتستان کا ہر فرد ملک و قوم کی محبت سے سرشار ہے، جن کا پاکستان کی ترقی میں کردار اور اس کے تحفظ کے لیئے قربانیاں بے مثال ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کو یکساں حقوق دلانا پاکستان پیپلز پارٹی کے منشورِ کا حصہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب گلگت بلتستان کو بھی وہ تمام حقوق و اختیارات حاصل ہوجائیں گے، جو دیگر صوبوں کو حاصل ہیں۔