نیب نے پورے ملک کے مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے والے ادارے این آئی سی وی ڈی پر بلا جوازچھاپا مارا ہے: ترجمان

نیب کی جانب سے این آئی سی وی ڈی کو رکارڈ کے حوالے سے کوئی پیشگی خط نہیں لکھا گیا: ترجمان این آئی سی وی ڈی

نیب نے جب بھی کوئی رکارڈ طلب کیا ہے، ان کو ہارڈ اور سافٹ کاپی میں بر وقت مہیاکیا گیا ہے: ترجمان

2016-18ء سے نیب کی انکوائری چل رہی ہے مگر این آئی سی وی ڈی پر کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوا: ترجمان

نیب کے چھاپے کے باعث ادارے کے ڈاکٹرز اور دیگر ملازمین شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے مریضوں میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے: ترجمان


کراچی(کراچی نمائندہ خصوصی ):قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے ترجمان نے آج بروز جمعرات، 29اکتوبر 2020 کو ادارے پر نیب کے چھاپے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کی این آئی سی وی ڈی کے خلاف 18-2016ء سے انکواری چلتی آرہی ہے جو کبھی چلتی ہے اور کبھی رک جاتی ہے، مگر آج تک این آئی سی وی ڈی پر کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔ نیب نے آج کے چھاپے کے حوالے سے این آئی سی وی ڈی کو کوئی بھی پیشگی خط نہیں لکھا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نیب سے این آئی سی وی ڈی کی جانب سے مکمل تعاون کیا جاتا ہے جب بھی انہوں نے کوئی رکارڈ مانگا ہے ان کو ہارڈ اور سافٹ کاپی میں انہی کے ٹیمپلیٹ کے مطابق فراہم کیا گیا ہے اور سینئر پروفیسرز اوافسران نیب کی طلبی پر پیش ہوتے رہے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی ایک آٹونومس ادارہ ہے جو اپنے انتظامی امور گورننگ باڈی کے ذریعے چلاتا ہے۔ این آئی سی وی ڈی نیب سمیت ہر ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کر تا رہا ہے، مگر اس طرح کے بلاجواز چھاپوں سے مریضوں کی بلکل مفت خدمت کرنے والے ادارے کے ڈاکٹرز اور دیگر ملازمین سخت ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جس کے باعث امراضِ قلب کے مریض بھی سخت متاثر ہو رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ 5سال پہلے صرف ایک این آئی سی وی ڈی تھا اور مریضوں سے پیسے وصول کیے جاتے تھی مگر این آئی سی وی ڈی کی موجودہ منجمنٹ نے کچھ سالوں کے مختصر عرصے میں پورے صوبہ سندھ میں 28ہسپتالوں کا نیٹ ورک بچھا دیا ہے جو مریضوں کو دن رات مہنگا اور معیاری علاج بالکل مفت انہی کی دہلیز پر فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں اور مستقبل قریب میں مزید 6سے 8 سینٹرز کھولے جائینگے۔ کچھ گھوسٹ ملازم غلط کاموں میں ملوث تھے جن کے خلاف ہسپتال کے قانون کے مطابق قانونی کارروائی جاری رہے گی۔این آئی سی وی ڈی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان چھاپوں کے باوجود ہم بلاخوف مریضوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھینگے کیونکہ ہماری اولین ترجیح مریضوں کو علاج فراہم کرنا ہے۔