ڈیوڈ ویسا کا پی ایس ایل کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کا اعلان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز کے جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویسا نے لیگ کے بقیہ میچز کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔

اُن کا کہنا ہے کہ قلندرز کے تمام پلیئرز فارم میں ہیں، پوری کوشش کریں گے فینز کو اس بار جشن منانے کا بھرپور موقع فراہم کریں۔

جیو نیوز سے گفتگو ڈیوڈ ویسا نے کہا ہے کہ کسی نے سوچا نہیں تھا کہ دوبارہ کرکٹ اتنی جلد کھیلنے کو ملے گی۔

جنوبی افریقی کرکٹر نے مزید کہا کہ میرے لیے ذاتی اسکور سے زیادہ ٹیم کی کارکردگی اہم ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک معیاری لیگ ہے اور لوکل ٹیلنٹ بہت ہی اعلیٰ ہے، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور فخر زمان سمیت سب ہی اچھی فارم میں ہیں۔

ڈیوڈ ویسا نے یہ بھی کہا کہ لاہور قلندرز کاپلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) اس فرنچائز کو اسپیشل بنا دیتا ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹر نے اعتراف کیا کہ دنیا بھر میں کوئی فرنچائز پلیئرز کے لیے ایسا پروگرام نہیں کرتی۔

اس سے قبل آسٹریلوی پلیئر بین ڈنک بھی پی ایس ایل کے باقی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی پی ایس ایل5 فائنل سمیت باقی تمام میچز لاہور سے کراچی منتقل کرچکا ہے