فواد چوہدری کی زبان علیمہ باجی کا نام لیتے ہوئے کیوں چپ ہو جاتی ہے … مرتضیٰ وہاب کا جواب

وزیرا علیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات ، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فواد چودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ وہ کبھی سیاستدان نہیں بن سکتے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آمروں کے کاسہ لیس پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف من گھڑت الزمات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت پر ماضی میں بھی گھٹیا الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ فساد چودھری کے پاس ثبوت ہیں تو عدلیہ میں پیش کریں، الزمات عائد کرکے فواد چودھری سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت ہمیشہ عدلیہ میں سرخرو ہوئی ہے۔مشیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا اپنا کوئی ایجنڈا نہ پالیسی ہے، اس طرح کے الزمات ملکی سیاست اور بدترین مہنگائی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ چودھری صاحب ! دو کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ قوم آپ سے تمام یوٹرن کا حساب لے گی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ علیمہ باجی کے این آر او کاذکر کرتے آپکی زبان کیوں بند ہوجاتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ آپکی طرز حکمرانی ملک میں انتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں