پشاور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل شکستہ ہوں، وسیم اکرم

سابق لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم گزشتہ روز مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل شکستہ ہیں۔

سوئنگ کے سلطان نے پشاور واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ اُن لوگوں سے لڑتے رہیں گے جو پاکستان کی ساکھ کو تباہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے دھماکے سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’پشاور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر میرا دل شکستہ ہے۔‘
وسیم اکرم نے لکھا کہ ’میری دعائیں اُن تمام سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس افسوساناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھویا اور جن کے عزیز زخمی ہوئے۔‘

سابق کرکٹر نے لکھا کہ ’میں پشاور کے لوگوں اور غمزدہ قوم سے دلی تعزیت کرتا ہوں
اپنے پیغام میں اُنہوں نے لکھا کہ ’ہمارے ملک میں دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں اور ہم ان لوگوں سےہمیشہ لڑتے رہیں گے جو پاکستان کی ساکھ کو تباہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے رنگ روڈ پر دیرکالونی میں واقع مدرسہ جامعہ زبیریہ میں بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد شہید جبکہ 2 اساتذہ سمیت 112 افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے 10 زخمی طلبہ کی حالت نازک ہے
بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 7 کلو گرام وزنی دھماکا خیز مواد استعمال ہوا ہے