واٹس ایپ آڈیو کلپ میں ایک خاتون کے متعلق نازیبا الفاظ استعمال

ریاض(ثناء بشير) پاکستان جرنلسٹس فورم جدہ کا اجلاس چئیرمین امیر محمد خان کی صدارت میں ہوا. اجلاس کا مقصد پی جے ایف کے سابق صدر شاہد نعیم کے ایک واٹس ایپ آڈیو کلپ جس میں اس نے ایک خاتون کے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینا تھا. اجلاس میں اس پورے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور اس پورے واقعہ پر افسوس اور ندامت کا اظہار کیا گیا. اس اجلاس میں شاہد نعیم نے اپنی غیر ارادی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ میرے اس اقدام سے میری چالیس سالہ صحافتی کردار اور ۲۵ سالہ پاکستان جرنلسٹس فورم کی ساکھ کو بھی ایک بڑا دھچکا لگا ہے جس کے لیے میں سمجھتا ہوں کہ اس صورت میں میرا فورم کی صدارت پر رہنا مناسب نہیں. ان سب باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں پی جے ایف کی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں اور اپنا استعفی پیش کرتا ہوں جسے پی جے ایف نے فوری تسلیم کر لیا اور اسی اجلاس میں تمام ممبران کی مشاورت سے کشمیر کمیونٹی کے متحرک راہنما اور پی جے ایف کے دیرینہ رکن چوہدری معروف حسین کو فورم کا قائمقام صدر بنایا گیا.
قائمقام صدر چوہدری معروف حسین نے کہا کہ میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے ہر ممبر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور فورم کی صدارت کا اعزاز بخشا. ان شااللہ کوشش کروں گا کہ ساتھیوں کے اعتماد پر پورا اتروں اور فورم کی بہتری کے لیے کام کرسکوں. انھوں نے کہا کہ فورم کے ہر ممبر کو شائستگی اور مثبت صحافت کو پروان چڑھانا چاہیے اور کمیونٹی کے ہر طبقے کی خدمات بلا تفریق کرنی چاہییں. فورم کے چیئرمین امیر محمد خان نے کہا کہ ہم سب کو یہاں پاکستان کا مثبت امیج، سعودی قوانین اور کلچر کا پرچار ، پاک سعودی تعلقات کی بہتری اور دونوں ممالک کے استحکام کے اقدامات اور افعال کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے.
اجلاس کے اختتام پر پی جے ایف کی ساتھی رکن فوزیہ خان کے بیمار شوہر ، مسرت خلیل کی ایک قریبی عزیزہ کی صحتیابی اور شاہد نعیم کے چچا کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی.