سوئی سدرن گیس کمپنی کا مسکن چورنگی دھماکے کو گیس لیکیج ماننے سے انکار

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی میں رہائشی عمارت میں دھماکے کو گیس لیکیج ماننے سے انکار کردیا ہے۔

ترجمان ایس ایس جی سی نے گلشن اقبال میں رہائشی عمارت میں دھماکے کے معاملے پر بیان جاری کردیا ہے اور کہا کہ دھماکے کو گیس لیکیج قرار دینا درست نہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں طاقت ور دھماکا نظر آیا جو عموماً گیس لیکیج سے ممکن نہیں ہے۔

ایس ایس جی سی کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ واقعے کے فوری بعد محکمے کی ٹیم نے وہاں پہنچ کر مین لائن بند کی، دھماکے سے کسی بھی گیس لائن، والوو اور گیس میٹر کی ٹوٹ پھوٹ نہیں ہوئی۔

ترجمان نے کہا کہ عمارت کے مکینوں نے گیس سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی جبکہ اس بلڈنگ میں واقع بینک میں گیس کا کوئی کنکشن بھی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ مسکن چورنگی پر واقع عمارت میں دھماکے سے 6 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے واقعے کی وجہ گیس لیکیج بتائی تھی۔