فیڈریشن انتخابات سے قبل بزنس مین پینل میں دراڑیں

فیڈریشن انتخابات سے قبل بزنس مین پینل میں دراڑیں
Oct 25, 2020
کراچی(رپورٹ: سید شعیب شاہ رم)وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت میں بر سر اقتدار گروپ بزنس مین پینل(بی ایم پی) میں دراڑیں پڑگئیں اور سینئروائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے گروپ رہنمائوں سے اختلافات اوراقرباء پروری کے سبب بی ایم پی سے استعفیٰ دیتیہوئے اپنے علیحدہ گروپ کا اعلان کردیا۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں میاں زاہد حسین کا کہنا تھا کہ بی ایم پی کے چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار سے اختلافات ، ان کی جانب سے اہم معاملات ‘گروپ کے فیصلوں میں نظر انداز کئے جانے اور نامناسب رویہ کے باعث گروپ کے اہم رہنماؤں نے بی ایم پی سے استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ بزنس مین پینل سے استعفیٰ دینے والے سینئر رہنماؤں میں بلوچستان حکومت کے سابق نگراں وزیر اعلیٰ اور بی این پی کے رہنما علاؤ الدین مری ،بزنس مین پینلکے اہم ترین رہنما اور سابق نائب صدر ثاقب فیاض مگوں ،بی ایم پی کے سیکریٹری جنرل فیڈرل احمد جواد ، سابق سینئر نائب صدر کے امیدوارچوہدری محمد حسین زاہد اور شفیق اچکزئی سمیت دیگرشامل ہیں، جبکہ مزید رہنماؤں و ممبران کے استعفیٰ متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تمام رہنمائوں نے بی ایم پی کی ناقص کارکردگی کے باعث بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیا ہے۔میاں زاہد حسین نے مزید بتایا کہ وعدہ خلافیوں نے بزنس مین پینل کو پہلے ہی سال میں کنارے لگا دیا ہے اور پاکستان بھر سے بی ایم پی کے70 فیصد حامی ہمارے ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پورے پنجاب سے اکثریت ہمارے ساتھ ہیں اور اب بزنس مین پینل ختم ہوچکا ہے۔ امکان ہے کہ میاں زاہد حسین کے نئے گروپ کا نام نیشنل بزنس گروپ ہوگا جس کے اعلان کیلئے انکے ساتھی رہنماء پیر یا منگل کوکراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد کریں گے،تاہم انہوں نے ایف پی سی سی آئی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کرلیاہے۔دوسری جانب ایف پی سی سی آئی کے صدر اور بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار نے نوائے وقت کو بتایا کہ گروپ کے فیصلوں میں من مانیاں اور گروپ پر اپنے فیصلے تھوپنا قابل قبول نہیں، ان کا کہنا تھا کہ میاں زاہد حسین اور ان کے ساتھی اگر اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا چاہتے ہیں تو وہ ضرور شوق پورا کریں،انہوں نے دعوی کیا کہ میاں زاہد و دیگر کے جانے سے بی ایم پی میں کوئی فرق نہیں پڑے گا،ان کی ساتھیوں کے استعفیٰ کے باوجود بی ایم پی فیڈریشن کے انتخابات میں کامیاب ہوسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ گروپ میں فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں لیکن اگر کوئی چاہیے کہ اس کے فیصلے من و عن تسلیم کئے جائیں تو ایسا ممکن نہیں، گروپ میں عامرانہ سوچ کے حامی افراد کی جگہ نہیں ، فیصلے میرٹ کی بنیاد پر مشاورت سے کئے جائیں گے۔ چیئرمین بی ایم پی کا کہنا تھا کہ میاں زاہد حسین فیڈریشن انتخابات میں صدارتی امیدوار کے خواہش مند تھے لیکن گروپ میں حمایت نہ ملنے پر انہوں نے علیحدگی کا اعلان کیا، جبکہ دیگر رہنما جن کے نام زیر غور تھے انہوں نے گروپ کے فیصلے کو ترجیح دی، تاہم انہوں نے اگر اپنا علیحدہ گروپ کا اعلان کردیا ہے تونیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ۔ واضح رہے کہ میاں زاہد حسین نے بزنس مین پینل کی نمایاں تشہیرمیں اہم کردارادا کیا تھا اورسال 2020 کا فیڈریشن الیکشن بی ایم پی کو جتوانے میں نمایاں کردار ادا کیا تھا، اس سے قبل ایف پی سی سی کراچی ہیڈ آفس کی مختلف تقاریب میں بی ایم پی رہنماؤں کی آپس میں تلخ کلامی اور اختلافات میڈیا نے رپورٹ بھی کئے ہیں۔—nawaiwaqt—report