ایمریٹس نے پاکستان میں اپنے آپریشنز کے 35 سال مکمل کرلئے


سال 1985میں اپنے قیام سے اب تک ایمریٹس کے ساتھ پاکستان سے 2کروڑ 80لاکھ مسافر سفر کرچکے ہیں
ایئرلائن پاکستان سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 16 ہزار 500 سے زائد راؤنڈ ٹرپ پروازیں آپریٹ کرچکی ہے

کراچی، 24 اکتوبر، 2020۔ آج سے 35 سال قبل اسی روز یعنی 25 اکتوبر 1985 کو ایمریٹس کی افتتاحی پرواز نے کراچی روانگی کے لئے دبئی سے اڑان بھری۔ اس طرح ایک عالمی ایئرلائن عملاََمعرض وجود میں آئی، پاکستان و متحدہ عرب امارات کے درمیان فضائی سفر کا رابطہ قائم ہوا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم سے مستحکم تر ہوتے چلے گئے جس کی بڑی وجہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور تجارتی سطح پر لوگوں کی آمد و رفت ہے۔

آج ایمریٹس پاکستان میں صارفین کو منزل مقصود پر پہنچانے کے لئے ہفتہ وار 53 پروازیں آپریٹ کررہا ہے۔ اپنے آغاز کے بعد ایمریٹس پاکستان اور دبئی کے درمیان 1 لاکھ 16 ہزار 500 سے زائد راؤنڈ ٹرپ پروازیں آپریٹ کرچکا ہے اور 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد مسافر دبئی سے پاکستان کے درمیان آمد و رفت اور اس سے آگے مقامات پر سفر کے لئے مسافروں کو منزل مقصود پر پہنچا چکا ہے۔

اپنے کراچی آپریشنز کے بعد ایمریٹس نے سال 1998 میں پشاور سے پروازوں کا آغاز کیا۔ سال 1999 میں اسلام آباد اور لاہور سے پروازوں کی شروعات ہوئی اور ملک میں اعلیٰ معیار کے سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر اپنی موجودگی بڑھانے کے ساتھ سال 2013 میں سیالکوٹ سے بھی پروازوں کا آغاز کیا۔ ایئرلائن پاکستان میں مسافروں کو سفری خدمات کی فراہمی کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہے اور کاروباری و تفریحی کاموں کے لئے مسافروں کو دنیا بھر میں پہنچانے کی سہولت فراہم کررہی ہے۔ ایمریٹس اس وقت کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور سیالکوٹ میں پروازیں آپریٹ کرنے کے لئے کشادہ جسامت کے حامل بوئنگ 777-300 ای آر جہاز استعمال کررہا ہے اور مسافروں کو براستہ دبئی دنیا کے 95 سے زائد مقامات پر سفر کے لئے جوڑ رہا ہے۔

ایئرلائن کا فریٹ ڈیویژن ایمریٹس اسکائی کارگو بھی معاشی سرگرمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور ملک کے مقامی برآمد کنندگان اور کاروباری افراد کو 120 سے زائد کارگو مقامات سے جوڑنے کے لئے مدد فراہم کررہا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں ایمریٹس اسکائی کارگو 7 لاکھ 50 ہزار ٹن سے زائد کارگو کی پاکستان سے آمد و رفت میں مدد فراہم کرچکا ہے جن میں بڑی حد تک مچھلی، گوشت اور سبزیوں کی برآمد اور فارماسیوٹیکلز اور طبی سامان کی درآمد شامل ہیں۔

ایمریٹس اور فلائی دبئی کے ایوارڈ یافتہ لائلٹی پروگرام ایمریٹس اسکائی وارڈز میں آج ساڑھے 5لاکھ سے زائد پاکستانی شہری رجسٹرڈ ہیں۔ اس کے نتیجے میں وہ ایئرلائن کی جانب سے پروازوں، ہوٹلوں میں قیام کے ساتھ ریٹیل اور لائف اسٹائل سے متعلق سہولیات حاصل کرتے ہیں۔

ایمریٹس دنیا کی سب سے بڑی ایئرلائنوں کی فہرست میں شامل ہے جس کا عالمی سطح پر نیٹ ورک چھ براعظموں پر محیط ہے۔ پاکستانی صارفین ایمریٹس پر زیادہ حفاظت اور بہتر سہولیات کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں،کیونکہ ایئرلائن نے گراؤنڈ پر اور فضا میں اپنے ملازمین اور صارفین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سفر کے ہر مرحلے میں جامع اقدامات کا نفاذ کیا ہے۔ اپنے آغاز سے اب تک ایئرلائن اپنی بہترین مہارت، جدید خدمات اور صف اول کی انڈسٹری مصنوعات پر 500 سے زائد بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کرچکی ہے اور یہی خصوصیات اسے دنیا کی سب سے بہترین ایئرلائن بناتی ہیں