اولمپئن سمیع اللّٰہ کیلئے فیڈریشن کے دروازے کھلے ہیں، خالد سجاد کھوکھر

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر کا کہنا ہے کہ اولمپیئن سمیع اللّٰہ کے لیے فیڈریشن کے دروازے کھلے ہیں۔

خالد سجاد کھوکھر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام اولمپیئنز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، بہاولپور میں سمیع اللّٰہ سے ملاقات خوشگوار رہی، سمیع اللّٰہ نے ہمارے خلاف نہیں ہمیشہ ہاکی کی بہتری پر بات کی۔

خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ جونئیر ایشیاکپ بنگلادیش میں ہے، جونیئر ہاکی ٹیم پندرہ روز پہلے بنگلادیش جائے گی
انہوں نے مزید کہا ہے کہ جونئیر ٹیم کو دو سال سے انٹرنیشنل ایونٹ نہیں ملا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جیو نیوز کے پروگرام ’’اسکور‘‘ میں بات چیت کرتے ہوئے اولمپیئن سمیع اللّٰہ کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کی ناقص حکمت عملی کے پیش نظرِ ہالینڈ سے جیتنا معجزے سے کم نہیں ہوگا۔

فلائنگ ہارس کے نام سے مشہور اولمپئین سمیع اللّٰہ نے کہا کہ فیڈریشن نے بہت سارے لوگوں کو جمع تو کر لیا ہے، البتہ تیاری ’’صفر‘‘ ہے۔