زید علی کی کار کے پیچھے کیا کہانی ہے؟

حال ہی میں اپنی اہلیہ یمنیٰ کو تحفے میں کار دینے والے پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی نے مداحوں کو کار خریدنے کے پیچھے کی جدوجہد کے بارے میں بتاتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر زید علی نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ نئی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ اور اُن کی اہلیہ یمنیٰ کار پر بیٹھے اپنی خوشی کا جشن منا رہے ہیں
انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے زید علی نے لکھا کہ ’جب میں بچہ تھا تو اُس وقت اس طرح کی تصویریں دیکھ کر خواہش کرتا تھا کہ کاش میرے پاس بھی اپنی ذاتی کار ہو۔‘

زید علی نے لکھا کہ ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اللّہ تعالیٰ میری خواہش کو حقیقت میں تبدیل کردے گا۔
اُنہوں نے لوگوں کے تبصروں کے حوالے سے لکھا کہ ’بہت سارے لوگ کہتے ہیں کہ تمہارے لیے کار خریدنا تو بہت آسان ہے کیونکہ تمہارے مالی وسائل بہت اچھے ہیں۔‘

زید علی نے لوگوں کو وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں دس سال محنت کرنے کے بعد اس مقام پر پہنچا ہوں، ایسا بالکل نہیں تھا کہ میں ایک دن صبح سو کر اُٹھا اور مجھے شہرت مل گئی بلکہ میں نے اس کے لیے بہت جدوجہد کی ہے
اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ ایک طویل سفر تھا لیکن اللّہ تعالیٰ نے مجھے اپنی اُن نعمتوں سے نوازا ہے جن کا میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔‘

زید علی نےلکھا کہ اپنے سفر کے دوران میں نے یہ بھی سیکھا ہے کہ خوابوں کی کوئی حد نہیں ہوتی، آپ بنا کسی خوف کے خواب دیکھیں اور اللّہ پر بھروسہ رکھیں۔‘

واضح رہے کہ زید علی نے گزشتہ دنوں ہی اپنی اہلیہ یمنیٰ کو تحفے میں کار دی ہے جس کی تصویر اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ کی۔
انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے زید علی نے لکھا تھا کہ آج ہماری شادی کی سالگرہ نہیں ہے اور نہ ہی آج یمنیٰ کی سالگرہ ہے، آج کوئی خاص دن نہیں لیکن اس کے باوجود بھی میں نے اپنی اہلیہ یمنیٰ کو یہ نئی کار خرید کر تحفے میں دینے کا فیصلہ کیا۔

اُنہوں نے لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اپنے پیاروں کو تحفہ دینے کے لیے کسی خاص دن کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ ہمیں ہر دن اُن سے اتنا ہی پیار کرنا چاہیے جتنا کسی خاص موقع پر کرتے ہیں کیونکہ اس سے رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین اسٹار زید علی نے اگست 2017ء میں یمنیٰ سے شادی کی