تعمیراتی صنعت کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں معلوم ہے کہ اس صنعت کے ساتھ 70 سے زائد اور شعبے بھی منسلک ہیں۔

کراچی ( پ ر ) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے معیشت کا پہیہ چلانے، لوگوں کو روزگار دینے اور سرمایہ کاری لانے کے لیے بنڈل آئی لینڈ پر نیا شہر بنانے کا اعلان کیا ہے، ہم انشااللہ اسے بنائیں گے۔ گورنر سندھ نے یہ بات ڈی ایچ اے فیز 8 میں ایچ ایم آر گروپ کے تحت سی فرنٹ پر عنقریب شروع ہونے والے عالمی معیار کے ہائی رائز ٹاورز کی پروجیکٹ سائٹ کے دورے کے موقع پر بزنس کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایچ ایم آر واٹر فرنٹ پروجیکٹ سائٹ پہنچنے پر چیئرمین ایچ ایم آر گروپ معروف کاروباری شخصیت حاجی محمد رفیق پردیسی، ڈائریکٹر حسنین پردیسی نے گورنر سندھ کا استقبال کیا، حسنین پردیسی کی ننھی بیٹیوں نے عمران اسماعیل کو گلدستہ بھی پیش کیا۔ کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ وہ تعمیراتی صنعت کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں معلوم ہے کہ اس صنعت کے ساتھ 70 سے زائد اور شعبے بھی منسلک ہیں۔ لوگوں کا اس سے براہ راست روزگار جڑا ہوا ہے۔ یہ صنعت جب چلتی ہے تو معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ اسی نظریے کے ساتھ وزیراعظم نے بنڈل آئی لینڈ پر نیا شہر بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اللہ پاک کی مدد کے بعد بلڈرز اور سرمایہ کاروں کی مدد سے انشااللہ بنڈل آئی لینڈ پاکستان کا آئیکون سٹی بنے گا۔ یہ صرف ڈیڑھ کلو میٹر دور ہے۔ ہم انشااللہ اسے بنائیں گے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ حاجی محمد رفیق پردیسی جیسے ایماندار اور خداترس کاروباری شخصیت کم ہی ہیں۔ اس سے قبل حاجی محمد رفیق پردیسی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ایچ ایم آر گروپ 33 ایکڑ پر عالمی معیار کے 19 ہائی رائز ٹاورز تعمیر کر رہا ہے۔ اس سے شہریوں کو عالمی معیار کی رہائشی سہولتیں ملیں گی، تعمیراتی صنعت کی ترقی ہو گی۔ لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق اس سے تعمیراتی شعبے کو فعال بنانے میں بہت مدد ملے گی اور یہ منصوبہ رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں نیا ٹرینڈ سیٹ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تعمیرات عنقریب شروع ہو جائیں گی۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری ورلڈ کشمیر فورم و سابق اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان، محمد رفیق سلیمان، شیخ راشد عالم، ڈائریکٹر ایچ ایم آر گروپ محمد حسنین پردیسی، فرحان پردیسی، حاجی عبدالصمد پردیسی، حاجی انیس پردیسی، حسن پردیسی، عمیر پردیسی، پی ٹی آئی ایم پی ایز شہزاد قریشی، خرم شیرزمان، سابق ایم این اے رشید گوڈیل، سابق صوبائی وزیر و سینئر وائس چیئرمین بزنس مین پینل میاں زاہد حسین، سابق نگراں وزیراعلی بلوچستان علاو الدین مری، سی ای او ٹویوٹا موٹرز سلیم گوڈیل، سرپرست اعلی آباد محسن شیخانی، چیئرمین آباد فیاض الیاس، سابق چیئرمین حسن بخشی، معروف بلڈر ذیشان ذکی، چیئرمین امریکہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم ذیشان الطاف لوہیا، جنرل سیکریٹری سید ناصر وجاہت، رکن نعمان احمدانی، ندیم معاذجی، صدر بینک اسلامی سید عامر علی، ڈائریکٹر محمود راشد، چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج سلیمان مہدی، ڈائریکٹر اسٹار مارکیٹنگ محمود احمد خان، گورنر سندھ کے بھائی عدنان اسماعیل، نعیم خانانی، سابق صدر کاٹی فرحان الرحمان، اشرف گریس، رفیق گریس اور تاجر برادری کی دیگر معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کے اختتام پر حاجی محمد رفیق پردیسی اور حسنین پردیسی نے گورنر سندھ کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

Caption:

کراچی: ایچ ایم آر واٹر فرنٹ پروجیکٹ سائٹ کے دورے کے موقع پر چیئرمین حاجی محمد رفیق پردیسی گورنر سندھ عمران اسماعیل کو یادگاری شیلڈ پیش کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر محمد حسنین پردیسی، محمد رفیق سلیمان، ذیشان الطاف لوہیا، میاں زاہد حسین اور محمود احمد خان بھی موجود ہیں۔