انگلش کرکٹر سمیت پٹیل ’میں ہوں قلندر‘ کا نعرہ لگانے کے خواہشمند

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل ) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے باؤلر سمت پٹیل کا کہنا ہے کہ وہ نومبر میں پی ایس ایل ٹرافی اٹھاکر ’میں ہوں قلندر ‘ کا نعرہ لگانے کے خواہشمند ہیں۔

انگلینڈ کے بھاری بھرکم 35 برس کے بائیں ہاتھ کے باؤلر سمت پٹیل نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نومبر میں ہونے والے پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں ٹیم لاہور قلندرز کی فتح کے کے لیے پر امید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان، شاہین آفریدی اور حفیظ کا فارم میں ہونا لاہور قلندرز کیلئے اچھی بات ہے
سمت پٹیل کا کہنا تھا کہ قلندرز میں ہر کوئی جیت کیلئے کھیلتا ہے، ٹیم میں کوئی بھی خودغرض پلیئر نہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کردیا ہے
پی سی بی کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلیمنیٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے اور اس کے اگلے روز ایلیمینیٹر ٹو جب کہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا
ایونٹ کے بقیہ میچز کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جب کہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائےگا۔