ریاست ایسا کریگی توکوئی نہیں بچے گا، محمد زبیر

کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مریم نواز محمد زبیر نے کہاہے کہ ریاست ایسا کرے گی تو ہم میں سے کوئی نہیں بچے گا،پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی تو خود مزار قائد کے احاطے میں ایکٹ کی خلاف ورزی کرچکی ہے،معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل نے کہاکہ وزیراعظم کا غصہ بالکل حق بجانب ہے،سنیئر تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ مزار قائد کے احاطے میں نعرے لگانا واقعی قابل مذمت ہے اس حوالے سے تو پورا ایک قانون موجود ہے تاہم جس طرح سے ایکشن اور مقدمہ درج ہوا ہے اس میں یہ شک کی گنجائش موجود ہے کہ یہ سندھ حکومت کی ہدایت پر ہوا ہے ۔ ترجمان مریم نواز محمد زبیر نے کہا میرا نہیں خیال ہے کہ کسی ملک میں اس قسم کی چیز پر اس طرح سے اگر اسٹیٹ رد عمل دے گی تو ہم میں سے کوئی نہیں بچے گا ۔ تاہم ہماری کوشش ہے کہ جلد کیپٹن صفدر کو باہر لے کر آجائیں ،سعید غنی سے بات ہوئی ہے وہ بھی معاملے کا پتہ چلارہے ہیں ۔ ریاست ایسا کرے گی تو ہم میں سے کوئی نہیں بچے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا وزیراعلیٰ سندھ کو الزام اس وقت دیا جائے گا جب ہمیں تمام تر حقائق کا علم ہوگا میں نہیں سمجھتا کہ وزیراعلیٰ سندھ اس قسم کی کوئی ہدایت جاری کریں گے ۔ رہنما پاکستان پیپلز پارٹی صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا،گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایت پر نہیں ہوئی ہے تاہم کیپٹن صفدر نے بھی مزار قائد کے احاطے میں جو کیا وہ بھی نامناسب اقدام تھا ، پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست دی گئی اور کہا گیا تھا کہ ہم آئی جی اور اوپر تک جائیں گے اور دباؤ ڈالیں گے لیکن شاید وہ بھول گئے جب عمران خان مزار قائد پر آئے تھے تو ہوا کیا تھا ، پی ٹی آئی توخود مزار قائد کے احاطے میں ایکٹ کی خلاف ورزی کرچکی ہے تاہم جس انداز میں کراچی پولیس نے کیپٹن صفدر کو گرفتار کیا ہے وہ بھی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شام سات بجے تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تھی ایف آئی آر میں وقت غلط لکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں خلیج پیدا کرنے کی یہ ایک سازش ہے جس کو ہم ناکام بنادیں گے اور جو کچھ ہوا ہے اس کا ازالہ کرنے کی بھی کوشش کریں گے

Courtesy Jang news