حکومتی اقدامات رائیگاں، درآمد کے باوجود چینی اور آٹے کی قیمتیں بے قابو

اسلام آباد (تنویر ہاشمی)گندم اور چینی کی درآمد کے باوجود قیمتیں بے قابو ہو گئی ہیں،کراچی میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا ڈیڑھ ہزار ،حیدرآباد میں 1400 روپے کا ہوگیا جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں سب سے مہنگی چینی فروخت ہورہی ہے،فی کلو چینی کی قیمت 110روپے تک پہنچ گئی۔

قیمتوں میں اضافہ کاسلسلہ جاری ہے،بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام تک نہ پہنچ سکے،ملک میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق کراچی میں بیس کلو آٹے کا تھیلا ڈیڑھ ہزار روپے اور حیدر آباد میں 1400 روپے کا ہوگیا،حالیہ ایک ہفتے میں حیدر آباد میں آٹے کا تھیلا 40 روپے مہنگا ہوا۔

اسی طرح لاڑکانہ میں آٹے کا تھیلا 1300 روپے،پشاور 1360 روپے، بنوں1320، سکھر 1240،کوئٹہ 1250، خضدار1200 اور اسلام آباد میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 900 روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت 860 روپے ہے۔

دوسری جانب چینی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا سلسلہ نہ رک سکا،اسلام آباد اور پشاور کے شہری ملک میں سب سے زیادہ ایک سو دس روپے فی کلو تک مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

راولپنڈی میں چینی کی قیمت 105 روپے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ کراچی،حیدر آباد اور ملتان میں چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو ہے،اسی طرح لاہور اور کوئٹہ میں بھی چینی ایک سو روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

—jang—news—-