شاہ رخ خان اور کاجول کے مجسمے کی نقاب کشائی لندن میں کی جائے گی

بالی وڈ کی مقبول ترین جوڑی شاہ رخ خان اور کاجول کی معروف فلم ’دل والے دُلہنیا لے جائیں گے‘ کے 25 سال مکمل ہونے پر لندن میں ان دونوں اداکاروں کے مجسمے کی نقاب کشائی کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ فلم اسٹار شاہ رخ خان اور کاجول کی مشہور اور سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلم ’دل والے دُلہنیا لے جائیں گے‘ کو رواں ماہ 20 اکتوبر کو 25 سال مکمل ہوجائیں گے اور اس اعزاز میں ہارٹ آف لندن بزنس الائنس نے اعلان کیا ہے کہ لندن کے لیسٹر اسکوائر میں بالی وڈ کی مقبول جوڑی شاہ رخ خان اور کاجول کے ایک کانسے کے مجسمے کی نقاب کشائی کی جائے گی
میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن کے ’لیسٹر اسکوئر‘ پر فلم ’دل والے دُلہنیا لے جائیں گے‘ کے اُس منظر کا مجسمہ بناکر لگایا جائے گا جو اُس فلم کا سب سے پسند کیے جانے والا منظر ہے جبکہ یہ پہلا بالی وڈ مجسمہ ہوگا جو برطانیہ میں بنایا گیا ہے۔

فلم ’دل والے دُلہنیا لے جائیں گے‘ کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر یش راج فلمز کے خصوصی منصوبوں کے نائب صدر نے کہا کہ’اس فلم نے بالی وڈ کو ایک بڑی کامیابی دی۔
اُنہوں نے کہا کہ ’یہ بالی وڈ کی پہلی فلم ہے جس کا مجسمہ لندن میں لگایا جائے گا اور ہمیں اعزاز حاصل ہے کہ بالی وڈ کے ان سپر اسٹارز کو ہالی وڈ اداکاروں کے ساتھ تسلیم کیا گیا ہے۔‘

واضح رہے کہ فلم ’دل والے دُلہنیا لے جائیں گے‘ سینما گھروں میں طویل عرصے تک چلنے والی بھارتی فلموں میں سے ایک ہے
ادتیہ چوپڑا کی ہدایات میں بننے والی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ نے اپنی ریلیز کے وقت باکس آفس پر تباہی مچادی تھی اور 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا