زید علی نے اہلیہ کو تحفے میں کار دے دی

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی نے اپنی اہلیہ یمنیٰ کو تحفے میں کار دے دی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر زید علی نے اپنی اہلیہ یمنیٰ کے ہمراہ ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں زید علی کی اہلیہ اپنی نئی کار پر بیٹھی ہیں
انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے زید علی نے لکھا کہ ’آج ہماری شادی کی سالگرہ نہیں ہے اور نہ ہی آج یمنیٰ کی سالگرہ ہے۔‘

زید علی نے کیپشن میں لکھا کہ ’آج کوئی خاص دن نہیں لیکن اس کے باوجود بھی میں نے اپنی اہلیہ یمنیٰ کو یہ نئے کار خرید کر تحفے میں دینے کا فیصلہ کیا۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اپنے پیاروں کو تحفہ دینے کے لیے کسی خاص دن کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ ہمیں ہر دن اُن سے اتنا ہی پیار کرنا چاہیے جتنا کسی خاص موقع پر کرتے ہیں کیونکہ اس سے رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے اپنی اہلیہ یمنیٰ کو نئی کار سے لطف اندوز ہونے کا مشورہ دیا۔
واضح رہے کہ انٹرنیٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین اسٹار زید علی نے اگست 2017ء میں یمنیٰ سے شادی کی۔

سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے پاکستانی نژاد زید علی کینیڈا میں مقیم ہیں، تاہم بیرونِ ملک پیدائش اور پرورش کے باوجود زید نے اپنا طرز زندگی روایتی پاکستانیوں جیسا رکھا ہوا ہے