زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 22 رکنی ممکنہ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نےپچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی غرض سے اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ 12 ماہ سے کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ ایک سال بعد کھیلی جانے والے ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔ یہ لیگ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔

لاہور میں شیڈول تین ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت نوجوان کھلاڑیوں کومتواتر مواقع دینے کا فیصلہ کیا گیا
سلیکٹرز نے سنٹرل پنجاب کے20 سالہ عبداللہ شفیق کو ممکنہ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ نوجوان بیٹسمین نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 میں 133 کے اسٹرائیک ریٹ سے 358 رنز بنائے تھے۔عبداللہ شفیق کو اپنے فرسٹ کلاس اور ٹی ٹونٹی ڈیبیو میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

شعیب ملک کی جگہ عبداللہ شفیق کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ سلیکٹرز نے محمد رضوان کے بیک اپ کے طور پر روحیل نذیر کو ممکنہ اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل سرفراز احمد کو 25 اکتوبر سے شروع ہونے والی قائداعظم ٹرافی میں شرکت کا کہا گیا ہے تاکہ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل وہ مکمل طور پراپنی فارم بحال کرسکیں۔

اسی طرح فاسٹ باؤلر محمد عامر اور عثمان شنواری کی جگہ حارث رؤف ،محمد حسنین اور موسیٰ خان کو صلاحیتوں کے اظہارکا موقع دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے
انجری کی وجہ سے حسن علی اور نسیم شاہ کی سلیکشن پر غور نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑیوں کو قائداعظم ٹرافی میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جاسکے
اسکواڈ:

بابراعظم (کپتان) اور شاداب خان (نائب کپتان)

بیٹسمین: عبداللہ شفیق ، عابد علی ، فخر زمان ، حیدر علی ، حارث سہیل ، افتخار احمد ، امام الحق ، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ

وکٹ کیپرز : محمد رضوان اور روحیل نذیر

اسپنرز : عماد وسیم ، عثمان قادر اور ظفر گوہر

فاسٹ باؤلر:فہیم اشرف ، حارث رؤف ، محمد حسنین ، موسیٰ خان ، شاہین شاہ اور وہاب ریاض