تھرکول بلاک ون پر کنٹریکٹر نے بیمار مزدور کی چھٹی بند کر دی

اسلام کوٹ(رپورٹ :عبد الغنی بجیر)تھرکول بلاک ون پر کنٹریکٹر نے بیمار مزدور کی چھٹی بند کر دی۔حالت غیر ہونے پراسپتال منتقل،ویڈیو وائرل، وزیراعلی سندھ کا نوٹس۔

رپورٹ طلب تفصیلات کے مطابق تھرکول بلاک ون پر نجی کانٹریکٹر نے مزدور کو بیمار ہونے کے باوجود چھٹی نہ دی اور مزدور پمن بھیل بیمار حالت میں بلاک ایریا کے اندر بغیر علاج کے مسلسل چھٹی کا انتظار کرتا رہا،معلومات کے مطابق بلاک میں بنیادی علاج کا بندوبست نہ ہونے کے سبب مزدور کو جھوٹا کہہ کر ٹال دیا گیا اچانک حالت غیر ہونے پر باقی مزدوروں کے احتجاج کے بعد انہیں اسپتال کے بجائے گھر بھیج دیا گیا۔

مزدور ساتھیوں کی جانب سے ان کی حالت غیر کی ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں بیمار شخص کو بلاک کے بند گیٹ کے قریب روتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔

سندھ حکومت کے نوٹس کے بعد ڈپٹی کمشنر تھرپاکر نے اسسٹنٹ کمشنر اسلام کوٹ کو فوری رپورٹ دینے کے احکامات جاری کیئے جس کے بعد انہوں نے گائوں بانبھنیو بھیل جاکر حقائق معلوم کیئے تو بیمار مزدور گھر میں بستر پر پڑا تھا اور بتایا کہ 25روز سے بیمار تھا مگر کانٹریکٹر چھٹی نہیں دے رہا تھا،اور نہ ہی وہاں کوئی میڈیکل اسٹور یا ڈسپینسری موجود تھی جو علاج کروا سکوں،گیٹ بھی مکمل بند ہوتا ہے۔

مزید کہنا تھا کہ بلاک ون میں نجی کانٹریکٹر مزدورں سے جانوروں کی طرح کام لے رہے ہیں رہائش اور کھانے کے انتظامات بھی انتہائی خراب ہیں۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نھیدمیرانی نے جنگ کو بتایا کہ سندھ حکومت کے نوٹس لینے کے بعد بیمار مزدور سے بیان لیا گیا ہے اور مزید انکوائری کر رہا ہوں کہنا تھا کہ باقی مزدورں اور کانٹریکٹر سے پوچھ گاچھ کے بعد رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو جمع کروادی جائے گی اور کسی سے نا انصافی نہیں ہونے دیں گے۔

نجی کمپنیوں و کانٹریکٹرز کو لیبر کے قواعد و ضوابط پر ہرصورت میں عملدرآمد کرنا پڑے گا

—-jang—report—