شاہ محمود قریشی عہدوں کے لالچ میں احسان فراموشی کی انتہا پر پہنچ گئے ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

سی پیک کا منصوبہ سابق صدر آصف علی زرداری کی دانشمندی کا نتیجہ ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت
کراچی18 اکتوبر: صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت، اینٹی کرپشن و محکمہ کوآپریٹو جام اکرام اللہ دھاریجو نے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائدین ، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستانی عوام کے روح میں بسے ہوئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی صاحب زرا یاد کریں آپ کی سیاسی شناخت پیپلز پارٹی اور ہمارے شہید قائدین نے کروائی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ شاہ محمود قریشی عہدوں کے لالچ میں اتنا بھی آگے نہ نکل جائیں جو احسان فراموشی کی تاریخ رقم کردیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کس کی گود میں بیٹھے ہیں زرا اپنے گریبان میں جھانکیں۔شاہ محمود قریشی حقائق پر پردہ ڈال رہے ہیں۔سی پیک منصوبہ سابق صدر آصف علی زرداری کی دانشمندانہ حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پانچ سال پورے کئے۔ ہیں اور اپنے دور حکومت میں لاکھوں لوگوں کو روزگار دیا۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پانچ سالوں میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دئیے جو تاریخ کا حصہ ہیں جبکہ تحریک انصاف کی سلیکٹیڈ حکومت نے عوام کو تباہی ، بیروزگاری، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت میں عام آدمی خون کے آنسو رو رہا ہے۔ غربت اور بھوک نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پی ڈی ایم کی عوامی ہلچل نے حکمرانوں کو لرزا کر رکھ دیا ہے۔ وفاقی حکمرانوں کی راتوں کی نیند حرام ہوگئی ہے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وفاقی حکومت کےکرائے کے ترجمان اپنا بوریا بستر باندھ لیں مفت کی روٹیاں توڑنے کا وقت پورا ہوا چاہتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی دانشمندانہ قیادت سے جعلی حکومت خوفزدہ ہے۔ اب وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے عوام کو ان سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات مل جائے گی۔